• news

31اکتوبر کو عوامی سیلاب اسلام آباد جائیگا، نیازی کی جان نہیں چھوڑینگے: شہباز شریف

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہبازشریف نے کہا ہے کہ جب تک عمران نیازی سے اس ملک اور غریب عوام کی جان نہیں چھوٹ جاتی، ہم نے اس کی جان نہیں چھوڑنی۔ غربت، بیروزگاری اور عمران خان کی چیرہ دستیوں، نالائقیوں، تکبر کو شکست دینے کے لئے 31 اکتوبر کو عوام کا سیلاب اسلام آباد کا رْخ کرے گا۔ وہاں نیازی حکومت کے سوا سال کی حکومت کا جواب دیں گے اور نوازشریف کی ہدایات کی روشنی میں اپنے مطالبات اور نیا پروگرام پیش کریں گے۔ اداروں نے عمران نیازی کی جتنی مدد کی، اس کا دس فیصد نہ سہی، محض ایک دھکا ہی مل گیا ہوتا تو نوازشریف کی قیادت میں معاشی طور پر ہمارا کوئی مقابلہ نہ کر سکتا۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے ارکان قومی وصوبائی اسمبلی، ٹکٹ ہولڈرز، مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہاکہ 2017-18ء کے تاریخ کے تباہ کن دھرنے کے باوجود نوازشریف کی قیادت میں پاکستان نے بارہ ہزار میگاواٹ بجلی کے کارخانے لگائے۔ کیا یہ کریڈٹ کوئی نوازشریف سے چھین سکتا ہے؟ نوازشریف سی پیک لایا۔ عمران نیازی نے سی پیک میں کیڑے نکالے اور بے جا الزامات لگائے۔ چین جیسے بھائی ، مخلص ترین دوست پر نشتر چلائے۔ عمران نیازی سی پیک کو ڈرامہ بازی قرار دیتے رہے ۔ پھر جھوٹ بولا کہ آٹھ فیصد کے بھاری سود پر چین سے نوازشریف نے قرض لیا ہے۔ پھر اسی پی ٹی آئی حکومت کے وزیر خزانہ نے خود تسلیم کیا کہ سی پیک تو بہت شاندار پروگرام ہے۔ بہت زبردست سرمایہ کاری ہوئی ہے اور قرض بھی دواڑھائی فیصد پر ملے ہیں۔ الحمداللہ الزام لگانے والے خود بھی یہ کہنے پر مجبور ہوگئے کہ سی پیک دونوں ممالک کے درمیان ایک عظیم منصوبہ ہے۔ وقت کسی کا انتظار نہیں کرتا۔ اب سپہ سالار کو سفارش کے لئے لیجایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان صرف بال ٹمپرنگ جانتا ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہاکہ نوازشریف نے اپنی صحت کے لئے تشویش کے اظہار اور دعائوں پر پوری قوم، پارٹی کارکنان کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف اس وقت الحمداللہ روبصحت ہیں۔ گزشتہ روزکے مقابلے میں بہتری ہے۔ لیکن مزید میڈیکل ٹیسٹ درکار ہیں۔ ڈاکٹرز کا بورڈ بن چکا ہے۔ پلیٹ لیٹس کی مقدار میں کس طرح اتنی کمی واقع ہوئی، یہ معلوم کرنے کے لئے تحقیق جاری ہے۔ ابھی تک اس معمے کی تہہ تک ڈاکٹرز نہیں پہنچ سکے۔ وزیراعظم عمران خان کی ہدایت پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے شہباز شریف کو ٹیلی فون کیا۔ اطلاعات کے مطابق شہباز شریف ہسپتال میں ہونے کے باعث گورنر پنجاب کا فون نہ سن سکے تمام صورتحال کے پیش نظر سردار ایاز صادق نے جوابی فون کال پر گورنر پنجاب سے رابطہ کیا، ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب نے شریف فیملی کو ہر طرح کے علاج کی سہولتوں کی پیشکش کی ہے ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا علاج وہ جس طرح سے بھی کروانا چاہتے ہیں حکومت ان کے ساتھ مکمل تعاون کرے گی علاوہ ازیں ایاز صادق نے فون کال کے بعد گورنر پنجاب نے پرنسپل سروسز ہسپتال سے بھی رابطہ کیا اور نوا زشریف کے بہترین علاج کی ہدایات جاری کریں دریں اثناء مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ نواز شریف کو کچھ ہوا تو محاسبہ عمران خان نیازی کا کریں گے۔ ماڈل ٹائون لاہور میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ نواز شریف کی جان کو خطرہ تھا۔ لیکن غفلت کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن