عمران ظالم اور سندھ دشمن، کٹھ پتلی حکومت گرانے نکلا ہوں ، عوامی لائیں گے: بلاول
اسلام کوٹ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان ظالم اور سندھ دشمن ہیں۔ ہم اس کٹھ پتلی حکومت کو گرا کر رہیں گے۔ اسلام کوٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ آج ہر طرف مسائل ہی مسائل ہیں‘ تھر کے لوگ قحط کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہیں۔ جبکہ پیپلز پارٹی نے غریبوں کو حقوق دلوائے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے معاشی حقوق سلب کئے جا رہے ہیں۔ صوبے کے حقوق چھینے جا رہے ہیں اور کراچی پر قبضے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی سیاستدان ہمارے مقابلے میں لڑتے ہیں۔ عمران خان سندھ کے دشمن ہیں‘ ان کی حکومت گرانے نکلا ہوں اور سلیکٹڈ حکومت کو گرا کر رہیں گے۔ یہ حکومت جلد گرے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ وزارتیں لے کر سندھ کے حقوق پر سودے بازی کر رہے ہیں۔ آج جمہوریت شدید خطرے میں ہے‘ سب کے سب ریموٹ سے چل رہے ہیں‘ ہم مل کر کٹھ پتلی کو بھگائیں گے اور عوامی حکومت بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ معاشرے میں آج ہر طبقے کا معاشی قتل کیا جا رہا ہے۔ غریب دشمن‘ حکومت عوام کا خون چوس رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’مجھے عوام کا ساتھ چاہئے‘ وفاق سے حقوق چھین کر عوام کی خدمت کریں گے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا بہ ملک اور اس ملک کے عوام ان کا ظلم زیادہ برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے معیشت کا ستیاناس کر دیا۔ حکومت تو چلا ہی نہیں سکتے ہیں اور یہاں تک کہ کٹھ پتلی حکومت نے کشمیر کا سودا کر دیا۔ کوئی غیرت مند پاکستانی ان کو معاف نہیں کر سکتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم اس کٹھ پتلی کو گرانے نکلے ہیں۔ ہمارا اگلا احتجاج سندھ اور پنجاب کی سرحد پر کندھ کوٹ میں ہو گا اور اسلام آباد تک ہماری آواز پہنچائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد والے اسلام کوٹ کی آواز سنیں اور اسلام کوٹ کی عوام کی ایک ہی آواز ہے کہ مک گیا تیرا شو عمران گو عمران گو عمران۔