سال کے آخر تک ای او آئی بی کی پنشن 10 ہزار تک بڑھا دینگے: زلفی بخاری
اسلام آباد (نیوز رپورٹر) وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز سید زلفی بخاری نے کہا ہے کہ ای او بی آئی کا ادارہ نقصان میں جانے سے کئی فلاح کے منصوبے رکاوٹ کا شکار تھے، ماضی کی حکومتوں کی کرپشن اور کی وجہ سے یہ ادارہ نقصان میں تھا، 6 سال میں 150 کروڑ روپے تک کا نقصان برداشت کرنے کے بعد آج اس عمارت کو لیز پر دے رہے ہیں۔ ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپویشن ٹاور جی نائن فورکو ایک نجی کمپنی کو لیز پر دینے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد بنیادی پنشن کو 15ہزار روپے تک لے کر جانا ہے۔ بنیادی پنشن میں 23 فیصد اضافہ کیا، سال کے آخر تک پنشن دس ہزار روپے تک بڑھا دیں گے۔ ای او بی آئی کی مزید پراپرٹی کو لیز پر دینے سے پینشنرز کو فائدہ پہنچے گا۔ تقریب میں سیکرٹری وزارت اوور سیز عامر حسن، چیئرمین ای اوبی آئی اظہر حمید، ڈائریکٹر جنرل بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایپملائمنٹ کاشف نور، چیف ایگزیکٹو آفیسرپاکستان رئیل اسٹیٹ انویسٹمنٹ اینڈ مینجمنٹ کمپنی(پرائمکو) بریگیڈیئر(ر) طارق حسین مریدی بھی موجود تھے۔