• news

لگتا ہے ہمیں کنٹینر اور کھانے کی دعوت دینے والے عمران نیازی نے یہاں بھی یوٹرن لے لیا ہے:حافظ حمد اللہ

عبدالحکیم (این این آئی) جمعیت علمائے اسلام پاکستان ( ف) کے مرکزی رہنما حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ آج بھی حکومت جمہوریت آئین اور قانون کی بالادستی اور عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے کی دعویدار ہے جبکہ اس کے برعکس دونوں بڑی سیاسی جماعتوں کے قائدین سیاسی انتقام کی وجہ سے جیلوں میں قید ہیں جیسے جیسے آزادی مارچ کے دن قریب آرہے ہیں مری سندھ بہاولپور اور دیگر علاقوں میں ہمارے درجنوں ذمہ داران کو حکومت نے پابند سلاسل کررکھا ہے۔ پنجاب اور خیبر پی کے کو ملانے والے راستوں پر بھی حکومت نے کنٹینر کھڑے کرکے راستے بند کر دئیے ہیں-میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لگتا ہے ہمیں کنٹینر اور کھانے پینے کی دعوت دینے والے عمران نیازی نے یہاں بھی یوٹرن لے لیا ہے حکومت ایک طرف مذاکرات اور دوسری طرف انکے بدزبانی کرنے والے وزراء فیصل واڈا، فواد چوہدری، فردوس عاشق اعوان، شیخ رشید احمد گالی اور غلیظ گفتگو سے اپنی گفتگو کا آغاز کرتے ہیں حکومت کا یہ کیسا دوہرا معیار ہے جو بھی حکومت کے خلاف تحریک چلائے اسے مودی کا یار بنا دیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ آج ٹماٹر پیاز سبزی فروٹ اشیاء خوردونوش اور ادویات بھی عوام کی پہنچ سے دور ہیں اسکے باوجود حکومت خود کو بہتر سمجھ رہی ہے ڈاکٹرز، ٹریڈرز ، کسان اور تاجر اور وکلاء پہلے ہی سڑکوں پر ہیں اگر مارچ کو روکنے کیلئے حکومت نے دانشمندی سے کام نہ لیا تو یہ بھی ممکن ہے کہ پولیس بھی اپنے حقوق کیلئے سڑکوں پر نظر آئے۔ اب وزیراعظم اور وزراء کو چاہیے کہ وہ اپنے اپنے حلقوں میں جا کر اپنے عوام کی حالت زار کا سروے کریں کیونکہ وہ بھی مہنگائی اور بیروزگاری کا رونا رو رہے ہیں حالانکہ چیف سیلیکٹر ، سیلیکٹر، ایمپائر کی انگلی اور ملک کے مقتدر حلقے بھی نیازی اینڈ سنز کے ساتھ ہیں پھر بھی 14 ماہ گزر جانے کے باوجود عوام پہلے سے بھی زیادہ پریشان ہیں کرکٹ سیریز میں ناقص کارکردگی پر اگر سرفراز کو ہٹایا جا سکتا ہے تو تبدیلی کے دعویدار اور یوٹرن لینے کے ماہر عمران نیازی 14 ماہ کی ناقص کارکردگی پر استعفیٰ کیوں نہیں دے سکتے۔

ای پیپر-دی نیشن