منشیات فروشوں کیخلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل جاری ہے:اشفاق خان
لاہور(نامہ نگار) لاہور پولیس آپریشنز ونگ شہر بھر کے تعلیمی اداروں کے گرد نواح میں منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈائون جاری رکھے ہوئے ہے۔لاہور پولیس نے اب تک574 منشیات فروش گرفتار کرکے 553مقدمات درج کئے ۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہور اشفاق خان نے کہا ہے کہ منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالیرنس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ نوجوان قوم کا مستقبل ہیں انہیں منشیات و دیگر جرائم سے محفوظ رکھنے کیلئے والدین ، اساتذہ، پولیس اور سول سوسائٹی سمیت معاشرے کے تمام طبقات کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے مزید کہا کہ جرائم کا ارتکاب کرنے والے سماج دشمن عناصر کی بروقت نشاندہی کی جائے تاکہ ان کا فوری طور پر سد باب ممکن بنایا جا سکے ۔علاوہ ازیں اشفاق خان نے شہید انسپکٹر رانا محمدشاہد کی6ویں اور شہید کانسٹیبل محمدامین کی24ویں برسی کے موقع پرکہا کہ راہ حق میں اپنی جان قربان کرنے سے بڑی کوئی قربانی نہیں۔