• news

27اکتوبر کی ریلیاں ، 31کا جلسہ، مسلم لیگ ن نے حکمت عملی بنالی

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مسلم لیگ ن نے 27 اکتوبر کی ریلیوں اور 31 اکتوبر کے آزادی مارچ کے حوالے سے جلسے کے لئے حکمت عملی کو حتمی شکل دیدی۔ پارٹی قیادت نے کہا ہے کہ نواز شریف کی صحت کے حوالے سے حکومت نے غفلت کا مظاہرہ کیا۔ شہباز شریف نے پارٹی رہنماؤں کو نواز شریف کی صحت کے بارے میںآگاہ کیا۔ پارلیمانی ایڈوائزی گروپ کا اجلاس شہباز شریف کی رہائش گاہ پر ہوا۔ پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کی صحت کے بارے میں حکومتی ترجمانوں کے منفی بیانات پر افسوس کا اظہار کیا۔پارٹی قیادت نے کہا کہ حکومت ابھی تک انتقامی اقدامات میں مصروف ہے۔ لاہور سے آئی این پی کے مطابق شہبازشر یف نے کہا ہے کہ عمران خان کی طرح ہماری 10 فیصد بھی مدد ہوتی تو ملک کو آسمان پر لے جاتے‘ اداروں نے جتنی مدد عمران خان کی ہے اگر ہماری 10 فیصد بلکہ دھکا بھی مل جاتا تو پاکستان کو کہاں سے کہاں لے جاتے‘ 31 اکتوبر کو پوری قوت کے ساتھ اسلام آباد پہنچنا ہے، ہم اپنے مطالبات سامنے رکھیں گے اور نواز شریف کی ہدایت کی روشنی میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ مشاورتی کنونشن اور اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو ملک کے مسائل کا علم نہیں ،صرف کرکٹ، بال ٹمپرنگ اور ایک دو مشغلے جانتا ہے اور اسے کچھ پتہ نہیں،جب تک ملک کی عمران خان نیازی سے جان نہیں چھوٹ جاتی ہم نے اس کی جان نہیں چھوڑنی۔

ای پیپر-دی نیشن