نواز شریف موت کے دہانے پر کیسے پہنچے چیئرمین نیب کو جواب دینا پڑیگا: بلاول
تھر (آئی این پی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف موت کے دہانے پر ہیں، وہ گزشتہ 13دن سے قومی احتساب بیورو کی حراست میں تھے، نیب چیئرمین بتائیں نواز شریف کے دہانے کیسے پہنچے، انہیں جواب دینا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم نیب کی حراست میں اس نہج پر آگئے، اگر آصف زرداری اور نوازشریف کو کچھ ہوا تو حکومت کیخلاف تو مقدمہ درج ہوگا ہی لیکن کیا ذمہ داری چیئرمین نیب پر نہیں آئے گی؟وہ جمعرات کو تھر میں این ای ڈی یونیورسٹی کی ایک تقریب میں شرکا سے اظہار خیال کے بعد ان کے سوالوں کے جوابات دے رہے تھے ۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا پروفیسر، ڈاکٹرز سے لے کر سیاسی مخالفین تک ہر کوئی نیب کے تشدد کا شکار ہو چکا ہے۔جتنے لوگ موجودہ چیئرمین کی موجودگی میں نیب کی حراست میں فوت ہوئے ہیں ان کے خون کا حساب چیئرمین نیب کو دینا پڑے گا۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ چیئرمین نیب ایک ریٹائرڈ جج ہیں وہ سیاسی بیان دے رہے ہیں، کیا انہیں زیب دیتا ہے کہ وہ لوگوں کو انتقام کا نشانہ بنائیں اور سیاسی بیانات بھی دیں؟بلاول بھٹو زرداری نے اس سے قبل میاں نواز شریف کی علالت کی خبروں کے حوالے سے ایک بیان میں کہا کہ نواز شریف کی خرابی صحت کی خبروں پر سخت فکرمند ہوں، محسوس کرسکتا ہوں کہ نواز شریف کی دوران قید علالت سے اہل خانہ کس تکلیف سے گزر رہے ہوں گے۔ بلاول بھٹو نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف احتساب کے نام پر انتقام کا نشانہ بنائے گئے ہیں، انسانیت کی باتیں کرنے والے عمران خان کے دل میں انسانیت نام کی کوئی چیز نہیں ہے۔ چیئرمین پیپلز پارٹی نے استفسار کیا کہ کیا عمران خان کا کسی کو چھوڑوں گا نہیں کے بیان کا مطلب آصف زرداری اور نوازشریف کی زندگیوں سے کھیلنا تھا؟ انہوں نے مزید کہا کہ اگر آصف زرداری اور نواز شریف کو خدانخواستہ کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی۔