نیول چیف کا گوادر میں بحری تنصیبات، اگلے مورچوں کا دورہ ، سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ
ماڈہ (نوائے وقت نیوز) سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے گوادر اور ماڑہ میں نیول تنصیبات کا دورہ کیا، اس دوران انہیں سی پیک کے سمندری دفاع پر بریفنگ دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاک بحریہ کا کہنا ہے ہ نیول چیف نے گوادر میں نیول تنصیبات اور مورچوں کا دورہ کیا اور دفاعی صلاحیتوں کا جائزہ لیا۔ ترجمان کے مطابق اس موقع پر نیول چیف کو سی پیک کے سمندری دفاع اور دیگر پیشہ وارانہ تیاریوں پر بریفنگ دی گئی، سی پیک میری ٹائم سیکیورٹی ٹاسک فورس88پر آگاہی دی گئی۔ نیول چیف نے سرفیس ٹاسک گروپس کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ لیا، دریں اثنا نیول چیف نے مختلف منصوبوں کاسنگ بنیاد بھی رکھا۔ترجمان پاک بحریہ کا کہنا تھا نیول چیف سے چیئرمین چائنیز اوورسیزپورٹس ہولڈنگ کمپنی نے ملاقات کی، سی پیک اور گوادر پورٹ کی وسعت اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔