• news

غداری کیس:پرویزمشرف کے وکیل کو ڈینگی بخار ہونے کی وجہ سے سماعت ملتوی

اسلام آباد(صباح نیوز)سابق صدر جنرل (ر)پرویزمشرف کے خلاف آئین شکنی کیس کی سماعت پرویزمشرف کوفراہم کردہ سرکاری وکیل رضابشیر کوڈینگی بخارکی وجہ سے ملتوی کردی گئی ، تاہم سابق ڈکٹیٹر پرویز مشرف کے خلاف آئین توڑنے پر آرٹیکل چھ کے تحت سنگین غداری کا مقدمہ چلانے والی خصوصی عدالت نے کیس کی سماعت بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کرتے ہوئے سیکرٹری داخلہ کو طلب کرلیا ۔ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ کی سربراہی میں جسٹس نذر اکبر اور جسٹس شاہد کریم پر مشتمل تین رکنی خصوصی عدالت نے وفاقی شرعی عدالت میں کیس کی سماعت کا آغاز کیا تو عدالت کو بتایا گیا کہ پرویز مشرف کو فراہم کیے گئے سرکاری وکیل رضا بشیر بیمار ہیں۔ وہ گذشتہ سماعت پر بھی ڈینگی کے باعث نہ آ سکے تھے۔عدالت کو بتایا گیا کہ حکومت نے مقدمہ چلانے والی استغاثہ کی ٹیم کو بھی فارغ کر دیا ہے۔خصوصی عدالت کے سربراہ جسٹس وقار احمد سیٹھ نے پراسیکیوشن ٹیم کے سربراہ سے پوچھا کہ کیاانہیں فراغت کا کوئی نوٹیفکیشن موصول ہوا ہے؟پراسیکیوٹر طارق حسن نے کہا کہ تاحال کوئی اطلاع نہیں ملی لیکن افواہ ضرور سنی ہے۔ جسٹس نذر اکبر نے ہدایت کی کہ جب تک آپ کو نوٹیفکیشن نہیں ملتا آپ کام جاری رکھیں۔جسٹس احمدسیٹھ نے پوچھاکہ کیا استغاثہ کی ٹیم کو اس انداز میں فارغ کیا جا سکتا ہے؟اس پر پراسیکیوٹرطارق حسن نے جواب دیاکہ پوری رات بیٹھ کر کیس کی تیاری کی اس پر عدالت نے آئندہ سماعت پر سیکرٹری داخلہ کو طلب کر لیا۔عدالت نے پوچھا ہے کہ آگاہ کیا جائے استغاثہ ٹیم کو کس قانون کے تحت فارغ کیا گیا۔مشرف کے وکیل رضا بشیر کی التوا کی درخواست منظور کرتے ہوئے عدالت نے مشرف کے وکیل کو آخری موقع دے دیااور قراردیا کہ مزید التوا کسی صورت نہیں ملے گا۔سنگین غداری کیس کی اگلی سماعت اب 19 نومبر کو ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن