ہاکی‘ اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ، پاکستان‘ ہالینڈ آج مد مقابل
لاہور(نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر)ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ رائونڈ میں پاکستان اور ہالینڈ کے مابین پہلا میچ آج کھیلا جائیگا۔ ویگنر ہاکی سٹیڈیم ایمسٹیلون میں پاکستانی وقت کے مطابق میچ شام 7بجے کھیلا جائے گا ۔ہاکی چیف کوچ خواجہ محمد جنید کا کہنا ہے کہ ٹیم کی تیاریاں درست سمت کی جانب گامزن ہیں، ٹوکیو اولمپکس کوالیفائنگ رئوانڈ میں میزبان ہالینڈ کے خلاف بہترین کھیل پیش کرنے کی کوشش کریں گے۔ اگرچہ ہم جرمنی کیخلاف دونوں میچز ہارنے میں ناکام رہے ہیں لیکن یورپی سرزمین پر اور وہاں کی کنڈیشنز پر کھیلنے کی وجہ سے ہمیں پلیئرز کی خامیوں کو جانچنے کا بھرپور موقع ملا ہے، ٹیم میٹنگ میں پلئیرز کی خامیوں کی نشاندہی کردی گئی جن کو دور کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہ حقائق بھی ہرگز فراموش نہیں کرنے چاہیے کہ ہالینڈ اس وقت عالمی رینکنگ میں تیسرے جبکہ پاکستانی ٹیم سترھویں نمبر پر ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان دوسرا میچ کل اسی گرائونڈپر کھیلا جائے گا۔ ٹوکیو اولمپکس2020کا حصہ بننے کیلئے پاکستانی ٹیم کو دونوں مقابلوں میں فتح ضروری ہے، ناکامی کی صورت میں گرین شرٹس مسلسل دوسری بار اولمپکس کی دوڑ سے باہر ہو جائیگی۔