صحت پر تشویش، زرداری کو کچھ ہوا تو ذمہ دار حکومت ہوگی: رحمٰن ملک
اسلام آباد (نیوزرپورٹر) پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے چیئرمین سینیٹر رحمٰن ملک نے سابق صدر زرداری کی بگڑتی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرداری پاکستان کے متفقہ طور پر منتخب صدر رہ چکے ہیں، حکومت نے ان کے ساتھ غیرمناسب، غیرجمہوری و قابل مذمت سلوک روا رکھا ہوا ہے ۔سابق صدر آصف علی زرداری کے جسم میں پلیٹ لیٹس کی مقدارتیزی سے گر رہی ہے جو جان لیوا ہوسکتے ہیں۔ آئین و قانون کے رو سے ہر پاکستانی کو حق حاصل ہے کہ وہ اپنا علاج کسی بھی معالج سے اندرون و بیرون ملک سے کراسکے۔زرداری کو جہاں سے وہ چاہے علاج سے نہ روکا جائے۔ جیل انتظامیہ کی جانب سے سینیٹ کمیٹی داخلہ کو جمع رپورٹ کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری کی صحت روز بروز بگڑتی جا رہی ہے۔ سابق صدر زرداری کی تیزی سے بگڑتی صحت کی وجہ سے انکے خاندان و پارٹی کارکنان میں انتہائی تشویش پائی جاتی ہے۔ صدرکو خدانخواستہ کچھ ہوگیا تو ذمہ دار حکومت وقت ہوگی۔ سابق صدر کو دوران تفتیش جیل میں رکھنے سے مملکت پاکستان کی ساکھ دنیا بھر میں مجروح ہو رہی ہے، پارلیمانی نمائندوں و وزراء کو دعوت دیتا ہوں کہ انتقامی کارروائی کی بجائے قانون کی بالادستی پر غور کریں۔ قانون میں ضروری ترامیم کی جائے کہ احتساب بلا امتیاز ہو اور سیاسی قائدین کو دوران تفتیش جیل میں نہ رکھا جائے، عمران خان کو بحثیت انسان و وزیراعظم سوچنا چاہیے کہ اپنے سیاسی مخالفین کیساتھ مناسب رویہ اختیار کرے اقتدار کسی بھی وقت زوال پذیر ہوسکتا ہے اسکو سیاسی انتقام کیلئے استعمال نہ کیا جائے، آج یہی کیسز اگر عمران خان جھیل رہے ہوتے ا ور آصف علی زرداری اقتدار میں ہوتے تو ان کے ساتھ سلوک پارلیمانی ہوتا۔