بھارت: انتہاپسندوں نے نماز کیلئے مسجد جانے والے نوجوان کو شہید کردیا
کیرالہ(انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں گھات میں بیٹھے انتہاپسندوں نے نماز پڑھنے کے لیے مسجد جانے والے نوجوان کوشہیدکردیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈین یونین مسلم لیگ کے 38 سالہ کارکن اسحاق کو مسجد جاتے ہوئے مسلح افراد نے گھیر کر بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور فائرنگ سے شہید کرکے فرار ہوگئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ اسحاق کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے جایا گیا تاہم دوران علاج خون زیادہ بہہ جانے کے باعث وہ خالق حقیقی سے جاملا۔ پولیس نے انڈین پینل کوڈ کی شق 302 کے تحت مقدمہ درج کرلیا۔ انڈین یونین مسلم لیگ کے ترجمان نے اپنے کارکن کے قتل کا ذمہ دار کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کو ٹھہرایا ہے۔ علاقے میں کشیدگی کے باعث مزید نفری تعینات کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ بھارت میں مودی سرکار کے دوبارہ برسراقتدار آنے کے بعد سے مسلمانوں اور اقلیتوں کے پر مشتعل ہجوم کے بہیمانہ تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور ایمنسٹی انٹرنیشنل کے مطابق رواں برس کے پہلے 6 ماہ میں نفرت آمیز 181 واقعات رونما ہوئے ہیں۔