• news

دہشتگردی کا خاتمہ علم کے فروغ سے ہی ممکن ہے: فاروق ستار

کراچی (این این آئی)ایم کیو ایم بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ ترقی کا راز علم سیکھنے اور پھیلانے میں ہے، علم کو فروغ دے کر ہی ملک کی ترقی کیساتھ برائیوں اور دہشت گردی کا خاتمہ ممکن ہے۔ کراچی کے ایکسپو سینٹر میں جاری دو روزہ علم فیسٹیول میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہمارے معاشرے سے ’’کتاب دوستی‘‘ ختم ہورہی ہے لیکن کتاب سے تعلق جتنا مضبوط ہوگا یہاں اتنا ہی امن و سکون ہوگا، کتاب سے تعلق ہی ہمیں شدت پسندی اور انتہا پسندی سے نجات دلا سکتا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی کا کہنا تھا کہ کتابیں اللہ تعالٰی سے ہمکلام ہونے کا ذریعہ ہیں اور خدائے واحد نے اپنے تمام احکامات کتابوں کی شکل میں انسانوں تک پہنچائے ہیں ،کتاب کا کوئی متبادل نہیں ہے، کتاب انسانوں کی سب سے بہترین رہنمائی کرتی، کتابیں بندوقوں اور بموں کا بہترین متبادل ہیں ، علم کے فروغ سے ہمارے ملک میں امن و امان پروان چڑھے گا۔

ای پیپر-دی نیشن