پاکستان نے مشکل حالات میں ترقی کا سفر جاری رکھا: کمانڈر سدرن
کوہلو (آن لائن) کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے کیڈٹ کالج کوہلو کا دورہ کیا۔ پرنسپل کیڈٹ کالج کوہلو کرنل رضا محمد تنولی نے کمانڈر سدرن کمانڈ کا کیڈٹ کالج کوہلو پہنچنے پر شاندار استقبال کیا، کیڈٹس نے کمانڈر سدرن کمانڈ کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔ پرنسپل نے کالج کے حوالے سے اقدامات اور اغراض ومقاصد کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے مشکل حالات کے باوجود ترقی کا سفر جاری رکھا ہے اندرونی و بیرونی خطرات کا بہادری سے مقابلہ کیا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کا کہنا تھا پاکستان کا مستقبل بلوچستان اور اس کے باشندوں کی خوشحالی سے وابستہ ہے۔ کیڈٹس کو حصول علم کا فریضہ محنت اور خلوص و جہد سے ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر پرنسپل کیڈٹ کالج کوہلو کی جانب سے کمانڈر سدرن کمانڈ لیفٹیننٹ جنرل وسیم اشرف کو شیلڈ پیش کی گئی۔ کمانڈر سدرن کمانڈ کے ہمراہ آئی جی ایف سی(نارتھ) میجر جنرل فیاض الحسن، سیکٹر کمانڈر ایسٹ، کمانڈنٹ میوند رائفل کرنل، ڈپٹی کمشنر کوہلو اور ایس پی کوہلو بھی تھے۔