تھر پارکر میں پہلی مرتبہ 15معذور افراد کو مفت مصنوعی اعضاء لگائے گئے
اسلام کوٹ (آئی این پی ) تھرپارکر میں پہلی مرتبہ معذور افراد کو مصنوعی اعضا کی فراہمی کے لیے مفت کیمپ کا انعقاد کیا گیا جس میں115 افراد کو مصنوعی اعضا لگائے گئے ۔این آر ایس پی اور نیا قدم کے تعاون سے کیمپ تھر فائونڈیشن ہسپتال اسلام کوٹ میں لگایا گیا جس میں سندھ کے 10اضلاع سے معذور افراد نے شرکت کی۔اس کیمپ میں 115 معذور افراد کو مصنوعی ہاتھ اور ٹانگیں لگا کر معمول کی زندگی گزارنے کے قابل بنایا گیا۔مصنوعی اعضا لگائے جانے والے افراد کے لیے اسپورٹس ڈے کا انعقاد بھی کیا گیا جس میں ان افراد نے اپنے مصنوعی اعضا کے ساتھ فٹبال کھیلا،سیڑھیاں چڑھیں اور دیگر سرگرمیوں میں عام افراد کی طرح حصہ لیا۔منتظمین کا کہنا تھا کہ مصنوعی اعضا سے استفادہ حاصل کرنے والے افراد اب محنت مزدوری کے ذریعے بھی اپنے گھرانوں کی کفالت کر سکیں گے۔