جے یو آئی 700 دن بھی آکر بیٹھ جائے، وزیراعظم کے استعفے پر بات نہیں ہوگی: اسد عمر
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا ہے کہ نوازشریف کے کیسز سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ نواز شریف کا نام ای سی ایل پر ہے، تاہم اگر وہ علاج کیلئے باہر جانا چاہتے ہیں تو درخواست دیں۔ میڈیا سے بات چیت کے دوران مولانا فضل الرحمان کو پرا من مارچ کا مشورہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر پرامن احتجاج ہوگا تو حکومت تمام سہولتیں مہیا کرے گی، لیکن اگر پرامن نہ ہوا تو ہم کوئی مدد نہیں کرسکتے اور نہ ہی ایسے احتجاج کی اجازت ہوگی۔ دریں اثناء وفاقی وزیر ریونیو حماد اظہر اور صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت میاں اسلم اقبال نے اپنے حلقے کا دورہ کیا اور مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا۔ دونوں وزراء علاقے کے لوگوں سے بھی ملے اور ان کے مسائل سنے اور حل کی یقین دہانی بھی کرائی۔
حماد اظہر
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومتی مذاکراتی کمیٹی کے رکن اسد عمر نے کہا ہے کہ جے یو آئی ف 700 دن بھی آکر بیٹھ جائے تو بھی وزیراعظم کے استفعے پر بات نہیں ہوگی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے یو آئی آف کو ریڈزون میں نہیں آنے دیں گے۔ ایک ہی ایجنڈے پر جے یو آئی ف سے مذاکرات ہوئے اور وہ جلسہ کی جگہ تھی۔ وزیراعظم کے استعفے پر کوئی بات نہیں کریں گے۔ جے یو آئی ف نے قانون توڑا تو قانون نافذ حرکت میں آئیگا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ مارچ کی تیاری کرنا مفتی کفایت اللہ کی گرفتاری کی وجہ نہیں ہونی چاہئے۔ مانسہرہ انتظامیہ سے گرفتاری کی وجہ پوچھوں گا، مجھے اس گرفتاری کا آج علم ہوا ہے۔
اسد عمر