کشمیری تنہا نہیں، بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں: فردوس عاشق
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کشمیریوں کو کبھی بھی تنہا نہیں چھوڑیں گے، پاکستانی قوم ہر قسم کے حالات میں کشمیریوں کا بھرپور ساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پاکستان اور اس کے عوام کشمیریوں کے ساتھ مکمل یکجہتی، غیر متزلزل حمایت اور ہر محاذ پر ڈٹ کرساتھ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ کشمیری بھارتی ظلم اور بربریت کا جرات اور استقامت سے مقابلہ کررہے ہیں۔ حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی لازوال قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔ بھارت جان لے کہ حق، سچ اور اصول پر کھڑی قوم کو کوئی بندوق، جبر اور ظلم شکست نہیں دے سکتا۔ دوسری طرف فردوس عاش اعوان نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ کشمیر بھارتی بربریت اور بہیمانہ مظالم سے بھرپور کہانی ہے، بھارت نے اپنے وعدے پورے کرنے یا ان کی تجدید نو کی بجائے وادی بھر میں دہشت گردی کا بازار گرم کر رکھا ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 1989 سے لے کر اب تک مقبوضہ کشمیر میں ایک لاکھ سے زائد کشمیری شہید ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا بھارت کی تمام حکومتیں بندوق کی نوک پر کشمیریوں کی آزادی کی تحریک کو دبانے کی کوشش کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست کے اقدام کے بعد پیدا ہونے والی خطرناک صورت حال پر بڑی تشویش ہے۔ 80 لاکھ کشمیریوں کو گھروں میں محصور کر کے رکھا ہوا ہے۔ معاون خصوصی برائے اطلاعات ونشریات نے کہا کہ یہی وہ وقت ہے کہ عالمی برادری اور انسانی حقوق کے چیمپئنز کہلانے پر فخر کرنے والے ممالک بھارتی حکومت پر دبا ڈالیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کا محاصرہ ختم کرے۔دریں اثناء اسلام آباد پریس کلب کے باہر بھوک ہڑتالی کیمپ سے خطاب کر رہے ہیں فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ انشاء اللہ جلد کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ حقیقت کا روپ دھارے گا۔ وزیراعظم عمران خان کشمیریوں کے ترجمان، سفیر اور وکیل کا کردار ادا کر رہے ہیں، کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے، کشمیر کے بغیر پاکستان کا وجود نامکمل ہے، کشمیری حریت رہنمائوں کی موجودگی میں یوم سیاہ کے موقع پر وزیر اعظم نے جو پیغام دیا ہے وہ پوری پاکستانی قوم کی آواز ہے، آج کے دن پوری قوم یک زباں ہو کر بھارتی دہشت گرد چہرے کو دنیا کے سامنے بے نقاب کر رہی ہے، کشمیریوں کی جدوجہد کو کبھی تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ اس موقع پر انہوں نے حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشال ملک اور کیمپ کے دیگر شرکاء کی بھوک ہڑتال بھی ختم کرائی ۔ اپنے خطاب میں معاون خصوصی اطلاعات و نشریات نے کہا کہ یوم سیاہ کے موقع پر حریت رہنمائوں کی موجودگی میں وزیراعظم عمران خان نے جو اپنا خصوصی پیغام ریکارڈ کرایا وہ پیغام پوری قوم اور کشمیریوں کی امنگوں کا ترجمان ہے۔