شام : داعش سربراہ البغدادی آپریشن میں ہلاک، پینٹا گون : خود کو اڑایا، 3بچے بھی مارے گئے: ٹرمپ
دمشق، واشنگٹن (نیٹ نیوز+ انٹرنیشنل ڈیسک) روسی میڈیا سینٹر نے پینٹاگون عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ ابوبکر البغدادی کو شام کے علاقے ادلب میں خفیہ آپریشن کے دوران ہلاک کیا گیا۔ پینٹاگون ذرائع کے مطابق امریکی سپیشل فورسز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد ادلب میں آپریشن کیا۔ دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی داعش سربراہ کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے اسے ایک انتہائی خطرناک مشن قرار دیا ہے۔ ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے ابوبکر البغدادی کی نگرانی کی جا رہی تھی اور آپریشن کیلئے موزوں وقت کا انتظار کیا جا رہا تھا۔ آپریشن کے دوران امریکی فوجیوں کو سخت مزاحمت کا بھی سامنا کرنا پڑا تاہم اس دوران امریکی فوج کا کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے اس موقع پر روس، ترکی، شامی اور عراقی حکومت کے علاوہ شامی کردوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شامی کردوں کی جانب سے امریکا کو فراہم کی جانے والی معلومات سے بڑی تعداد ملی ہے۔ البغدادی نے خود کش دھماکہ کے تین بچوں کو بھی مارا۔ پینٹاگون نے دعویٰ کیا ہے کہ داعش کے سربراہ ابو بکر البغدادی کو شام کے علاقے ادلب میں ایک خفیہ آپریشن کے دوران ہلاک کردیا گیا، امریکی اسپیشل فورسز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی منظوری کے بعد ادلب میں آپریشن کیا تاہم ابھی حتمی اعلان ہونا باقی ہے کیوں کہ آپریشن میں البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کے لیے ڈی این اے اور بائیومیٹرک ٹیسٹ کیا جائے گا۔ رپورٹس کے مطابق امریکی فوج نے شدت پسند گروپ دولت اسلامیہ کے خلاف شام میں بڑا آپریشن کیا ہے جس میں ان کا ہدف داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی ہی تھے۔ عراقی سیکیورٹی ذرائع نے ابوبکر البغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ داعش سربراہ اپنی فیملی کے ہمراہ ادلب سے ترکی کے بارڈر کی جانب جانے کی کوشش کر رہے تھے تاہم انہیں اپنے خفیہ ٹھکانے پر باڈی گارڈ کے ہمراہ ہلاک کردیا گیا۔ امریکی فوج اور وزارت خارجہ کے باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ شمال مغربی شام کے علاقے ادلب کے مضافات میں امریکی فوج کے آپریشن کے دوران داعش کے سربراہ کی دو بیگمات نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔ واضح رہے یہ ان کی ہلاکت کی خبریں پہلے بھی متعدد بار سامنے آچکی ہیں۔ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کو دنیا کا مطلوب ترین دہشت گرد قرار دیا گیا تھا اور اس کے سر کی قیمت 25 ملین ڈالر رکھی گئی تھی۔ امریکی صدر نے داعش سربراہ ابوبکر بغدادی کی ہلاکت کی تصدیق کر دی امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں کہا شام میں ابوبکر البغدادی اپنے بچوں سمیت ایک سرنگ میں چھپا ہوا تھا ابوبکر بغدادی نے خود کش دھماکہ کر کے اپنے تین بچوں کو بھی ہلاک کر دیا۔ آپریشن میں کوئی امریکی فوجی نہیں مارا گیا۔