’’کشمیر جل رہا‘ دل خون کے آنسو رو رہا ہے‘‘ یوم سیاہ کشمیر پر سینیٹر رحمان ملک کی نظم
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سینیٹر رحمان ملک نے یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر اپنے ایک منظوم بیان میں کہا ہے کہ نریندر مودی کشمیریوں کا قاتل ہے اور اسکے کشمیریوں پر مظالم کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں کی جانب سے کوئی نوٹس نہیں لیا جا رہا ہے۔ سینیٹر رحمان ملک نے منظوم اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کشمیر جل رہا ہے۔ دل خون کے آنسو رو رہا ہے۔ نظم کو محاصرہ کئے گئے کشمیر سے منسوب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا ہے کہ آج کشمیر ایک تاریک ترین جیل بن چکا ہے جہاں ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب مودی کے ظلم کا دور ختم ہو گا اور کشمیر آزاد آزاد ہو گا۔ آج یہ ظلم جو کشمیری جھیل رہے ہیں پھر مودی کے مقدر ہونگے۔