زلمے خلیل کابل پہنچ گئے‘ افغان صدارتی الیکشن کے نتائج کا اعلان 14 نومبر کو ہو گا
کابل (انٹر نیشنل ڈیسک) افغانستان کے لئے امریکہ کے خصوصی مندوب زلمے خلیل زاد کابل کے دورے پر ہیں۔ ان کے اس دورے کا مقصد صدر اشرف غنی کو امن عمل میں تازہ پیشرفت سے آگاہ کرنا ہے۔ امریکہ اور طالبان کے مابین دو برس تک جاری رہنے والے امن مذاکرات کی کچھ ماہ قبل معطلی کے بعد خلیل زاد کا یہ پہلا دورہ افغانستان ہے۔ افغانستان میں 28 ستمبر کو منعقدہ صدارتی انتخابات کے نتائج کا اعلان اب 14 نومبر کو کیا جائے گا۔ یہ اعلان افغان الیکشن کمشن کی سربراہ نے کیا۔ تکنیکی مسائل‘ بے ضابطگیوں اور دھاندلی کے الزامات کے تناظر میں انتخابی نتائج کا اعلان متعدد مرتبہ تاخیر کا شکار ہو چکا ہے اور اب جا کر ابتدائی نتائج کے اعلان کے لئے حتمی تاریخ کا اعلان کیا گیا ہے۔ مرکزی امیدوار صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداﷲ عبداﷲ ہیں۔ اگر کوئی امیدوار 50 فیصد سے زیادہ عوامی تائید حاصل کرنے میں ناکام رہا تو صدارتی الیکشن کا دوسرا مرحلہ ہو گا۔