پاکستان کا بھارتی وزیراعظم کو فضائی حدود کے استعمال کی اجازت دینے سے پھر انکار
اسلام آباد (نوائے وقت نیوز) مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے باعث پاکستان نے بھارتی وزیراعظم مودی کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ بھارت پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت مانگی تھی جس پر انکار کر دیا گیا۔ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے پیش نظر بھارتی وزیراعظم کو پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو تحریری طورپر پاکستان کے فیصلے سے آگاہ کر دیا۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے گزشتہ روز پاکستان سے فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت طلب کی تھی۔
مودی/ فضائی
اسلام آباد (جاوید صدیق) مودی کے طیارے کو پیر کے روز پاکستان کی فضائی حدود سے گزر کر سعودی عرب جانا تھا۔ جہاں مودی کو انٹرنیشنل بزنس کانفرنس میں شرکت کرنا تھی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نریندر مودی کو سعودی عرب کے کراؤن پرنس محمد بن سلمان سے ملاقات کرنا ہے اور ان سے بھارت سعودی عرب سٹرٹیجک تعاون پر بھی مذاکرات کرنا ہیں۔ اس دورے میں مودی سعودی قیادت سے سعودی عرب بھارت سٹرٹیجک پارٹنر شپ کونسل کے قیام کے سمجھوتے پر بھی دستخط کریں گے۔ کونسل کی قیادت نریندر مودی اور کراؤن پرنس محمد بن سلمان کریں گے۔ گزشتہ ماہ پاکستان نے نریندر مودی کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لئے بھی پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی تھی۔ پاکستان بھارت کے صدر رام ناتھ کوند کو آئیس لینڈ میں کانفرنس میں شرکت کے لئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرنے کی درخواست بھی مسترد کر چکا ہے۔ پاکستان نے فروری میں پلوامہ واقعہ کے بعد پاکستان کی فضائی حدود کی خلاف ورزی اور بالاکوٹ پر حملہ کے بعد بھی بھارتی پروازوں پر پاکستان کی فضائی حدود کے استعمال پر پابندی لگا دی تھی۔ جس سے بھارتی فضائی کمپنیوں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا تھا۔
انکار