• news

قائد اعظم ٹرافی ، سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں کپتان سمیت5تبدیلیاں

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ کے زیر اہتمام جاری قائد اعظم ٹرافی ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلہ لیے سنٹرل پنجاب کی ٹیم میں ردو بدل کیا گیا ہے۔ بابر اعظم کی دورہ آسٹریلیا روانگی کی وجہ سے سنٹرل پنجاب ٹیم کی قیادت کی ذمہ داری نائب کپتان احمد شہزاد کو سونپ دی گئی ہے جبکہ ٹیسٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی بطور کھلاڑی سنٹرل پنجاب کی نمائندگی کرینگے۔ پانچویں مرحلے کے لئے سینٹرل الیون کے چار کھلاڑیوں کو سیکنڈ الیون میں بھیج دیا گیا۔ کھلاڑیوں میں محمد سعد، سعد نسیم ، وقاص مقصود اور علی شان شامل ہیں جبکہ ان کی جگہ ٹیسٹ کرکٹر اعزاز چیمہ، بلے باز علی وقاص اور عتیق الرحمان کو فرسٹ الیون ٹیم میں شامل کرلیا گیا۔ قائد اعظم ٹرافی کے پانچویں مرحلے میں سنٹرل پنجاب کی ٹیم فیصل آباد میں سندھ کے مدمقابل ہوگی۔ بلوچستان اور خیبر پی کے کی ٹیمیں بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں جبکہ سدرن پنجاب اور نادرن کی ٹیمیں جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں ایکشن میں دکھائی دینگی۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں شامل آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے قبل اظہر علی، یاسر شاہ، کاشف بھٹی، نسیم شاہ، عابد علی، شان مسعود اور اسد شفیق قائداعظم ٹرافی کے جاری ٹورنامنٹ میں آخری مرتبہ ایکشن میں نظر آئیں گے۔ قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل شاہین شاہ آفریدی (ناردرن) نیشنل کرکٹ اکیڈ می میں جاری ری ہیب پروگرام میں شرکت کر رہے ہیں۔ رواں سیزن میں واحد سنٹرل پنجاب کی ٹیم 2 میچوں میں کامیابی حاصل کر سکی ہے۔ پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان سنٹرل پنجاب نے دونوں میچوں میں ایک اننگز کے بھاری مارجن سے فتح سمیٹی۔ سنٹرل پنجاب ،بیٹنگ اور باؤلنگ میں بونس پوائنٹس کی دوڑ میں بھی سب سے آگے ہے۔ سنٹرل پنجاب کی ٹیم کو بیٹنگ میں 16 اور باؤلنگ میں 9 بونس پوائنٹس مل چکے ہیں۔ ایونٹ میں 77.60 کی اوسط سے388رنز بنانے والے اظہر علی کا قائداعظم ٹرافی کے پہلے مرحلے میں زیادہ رنزبنانیوالے بلے بازوں کی فہرست میں دوسرا نمبر ہے۔ ظفر گوہر اور بلال آصف پر مشتمل سپن جوڑی نے بھی سنٹرل پنجاب کی فتوحات میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ 14وکٹیں حاصل کرنیوالے ظفر گوہر دوسرے اور بلال آصف 13 شکار کرکے تیسرے بہترین باؤلر ہیں۔ ایونٹ میں 3 ڈبل سنچریاں سکور کرنیوالے بلے بازوں میں سے ایک کا تعلق سنٹرل پنجاب سے ہے۔ اوپنر سلمان بٹ بلوچستان کیخلاف237 رنز کی اننگز کھیل چکے ہیں۔ کوئٹہ کیخلاف میچ میں سنٹرل پنجاب نے ایک اننگز اور 12 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ ایونٹ میں ڈبل سنچری سکور کرنیوالے دوسرے کھلاڑی کا تعلق سندھ سے ہے۔ عابد علی نے بلوچستان کیخلاف 249 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ عابد علی ایونٹ کے پہلے مرحلے میں2 میچوں میں300 اور عمیر بن یوسف 3 میچوں میں 297 رنز بناچکے ہیں۔ 3 اننگز میں 10 وکٹیں حاصل کرنیوالے سندھ کے سپنر کاشف بھٹی کو آسٹریلیا کیخلاف قومی ٹیسٹ سکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ شان مسعود کی قیادت میں سدرن پنجاب کی ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ ناردرن کے ٹاپ سکورر19 سالہ اوپنر حیدر علی 54.71 کی اوسط سے 383رنز بنا کر ایونٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانیوالے بلے بازوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر ہیں۔ وکٹوں کے پیچھے 14 شکار کرنیوالے ناردرن کے وکٹ کیپر روحیل نذیر ایونٹ کے بہترین وکٹ کیپر ہیں۔ کامران اکمل بھی 14 شکار کرکے ان کے ہمراہ پہلی پوزیشن پر براجمان ہیں۔ 15 وکٹیں حاصل کرنیوالے لیگ سپنر یاسر شاہ کی آسٹریلیا روانگی سے قبل یہ قائداعظم ٹرافی کا آخری میچ ہوگا۔ یاسر شاہ قائداعظم ٹرافی کیلئے مرحلے میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنیوالے باؤلر ہیں۔ خیبرپی کے کی بیٹنگ لائن اپ میں ترپ کا پتامڈل آرڈر بلے باز اشفاق احمد ہوں گے۔ 157 کی اوسط سے سب سے زیادہ473 رنز بنانے والے اشفاق احمد اور یاسرشاہ کے درمیان مقابلہ شائقین کرکٹ کی دلچسپی کا باعث بنے گا۔ قائد اعظم ٹرافی فور ڈے کرکٹ ٹورنامنٹ کے پانچویں مرحلے کا آغاز آج سے ہو رہا ہے جس میں تین میچز مختلف مقامات پر شروع ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن