• news

بیٹل آف قلندرزسے نوجوان کرکٹرز کومواقع ملیں گے:عاطف رانا

لاہور(نمائندہ سپورٹس)لاہور قلندرز کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف رانا کا کہنا ہے کہ بیٹل آف قلندرز ایک منفرد ایونٹ ہے۔ قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر میں ہونیوالے ٹرائلز کے بعد نوجوانوں کو صلاحیتوں ایونٹ میں صلاحیتوں کے اظہار کے مواقع ملیں گے۔ ہم نے کمیونٹی کو ساتھ جوڑنے کے لیے بیٹل آف قلندرز کا سلسلہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے کوئی بھی کھیل کمیونٹی کیساتھ مضبوط تعلق کے بغیر فروغ نہیں پا سکتا اور نا ہی کھیل کے حقیقی فوائد عوام تک پہنچ سکتے ہیں۔ کمیونٹی کو ساتھ ملا کر ہی حقیقی معنوں میں کھیل کو فروغ دیا جا سکتا ہے۔ ایسے اقدامات سے عوام کا کھیل کے ساتھ تعلق مضبوط ہوتا ہے اور انہیں اپنے علاقے کے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کا موقع ملتا ہے۔ ٹیلنٹ کی شناخت جلد ہوتی ہے اور باصلاحیت کھلاڑیوں کو نچلی سطح پر ہی اچھی سہولتیں فراہم کی جا سکتی ہیں۔ قلندرز ہائی پرفارمنس سنٹر کا قیام اسی سلسلے کی کڑی ہے ہم چاہتے ہیں کہ نوجوانوں کی تربیت کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہ آئے اور انہیں سارا سال کوالیفائیڈ کوچز کی زیر نگرانی بہترین سہولیات ملیں اور وہ ہر قسم کی پریشانیوں سے آزاد ہو کر صرف کھیل پر توجہ دیں اور خود کو پاکستان کی نمائندگی کے لیے تیار کریں۔

ای پیپر-دی نیشن