پنجاب حکومت نے سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت ہائیکورٹ میں چیلنج کر دی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) سانحہ ساہیوال کے ملزموں کی بریت کے خلاف حکومت پنجاب نے لاہور ہائیکورٹ میں اپیل دائرکر دی۔ اپیل میں انسداد دہشتگردی عدالت کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ حکومت پنجاب کی جانب سے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب عبدالصمد نے اپیل دائر کی۔ اپیل میں موقف اختیار کیا گیا ہے انسداد دہشتگردی عدالت نے حقائق کو نظر اندازکرکے ملزموںکو بری کیا۔ ٹرائل عدالت نے ویڈیو ریکارڈ کو نظر انداز کیا۔ قانونی طریقہ کارکے برعکس گواہوں کو تحفظ فراہم نہیں کیا۔ کیس کی عدالتی کارروائی ان کیمرہ نہیں کی گئی۔ ٹرائل عدالت نے فرانزک ثبوتوں کو اہمیت نہ دے کر مقدمہ کمزورکیا۔ عدالت نے منحرف گواہوں کے خلاف کارروائی نہیں کی۔ ٹرائل عدالت نے جے آئی ٹی کی رپورٹ میں ملزموں کے تعین کو بھی نظر انداز کیا‘ عدالت سی ٹی ڈی کے 6 ملزم پولیس اہلکاروں کی بریت کے فیصلے کو کالعدم قرار دے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نے ملزموں کی بریت کے خلاف پنجاب حکومت کو اپیل دائرکرنے کی ہدایت کی تھی۔