دھرنے کیخلاف درخواست‘ ہائیکورٹ نے فضل الرحمن کی تقاریر، سی ڈیز کو فائل کا حصہ بنانے کی اجازت دیدی
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) ہائیکورٹ نے فضل الرحمن کے دھرنے پر بغاوت کی کارروائی کے لیے درخواست پر مولانا فضل الرحمن کی تقاریر کے ٹرانسکرپٹ اور سی ڈیز کو عدالتی فائل کا حصہ بنانے کی اجازت دے دی۔ عدالت نے سماعت آج تک ملتوی کر دی ہے اور اس نوعیت کی تمام درخواستوں کو یکجا کر کے پیش کرنے کی ہدایت کر دی۔ درخواست گزار نے عدالتی حکم پر فضل الرحمن کی تقاریر کا ٹرانسکرپٹ اور سی ڈیز کو پیش کر دیا۔ وفاقی حکومت کے وکیل اسرار الٰہی نے یقین دہانی کرائی کہ قانون ہاتھ میں لینے پر وفاقی حکومت کاروائی کرے گی۔ درخواست گزار وکیل نے موقف اختیار کیا کہ مولانا فضل الرحمن الیکشن میں ناکام ہونے کے بعد اور مدرسہ اصلاحات سے بچنے کے لیے دھرنا دے رہے ہیں۔