سلمان شہباز اشتہاری قرار‘ وارنٹ جاری‘ جائیداد ضبطی شروع
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) احتساب عدالت نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا ہے. احتساب عدالت لاہور کے جج چوہدری امیر محمد خان نے نیب کی درخواست پر سلمان شہباز کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے ہیں اور ان کی منقولہ اور غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔ عدالت میں نیب پراسیکیوٹر حافظ اسداللہ اعوان نے بتایا کہ سلمان شہباز کو متعدد بار چوہدری شوگر ملز، منی لانڈرنگ اور آمدن سے زائد اثاثہ جات کے کیس میں تفتیش کے لیے طلب کیا گیا مگر وہ حاضر نہیں ہوئے اور بیرون ملک فرار ہوچکے ہیں۔ سلمان شہباز کو اشتہاری قراردینے کے لیے ان کی رہائشگاہ پر اشتہار بھی چسپاں کیے گئے تھے۔