افغان تنازعہ کے پائیدار حل کیلئے رکاوٹوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے: وزیراعظم
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم عمران خان سے امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ افغانستان میں قیام امن‘ افغان تنازع کے سیاسی حل اور افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں امن عمل سے متعلق پاکستان پرعزم ہے۔ پاکستان افغان امن عمل کی مخلصانہ حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔ افغان تنازعہ کے پائیدار سیاسی حل کیلئے حائل رکاوٹوں پر قابو پانے کی ضرورت ہے۔ پاکستان مخلص دوست اور سہولت کار کی حیثیت سے کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہے۔ تمام فریقین کو افغانستان میں تشدد کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔ افغان امن عمل کے حوالے سے منفی بیانیے کے خلاف کھڑا ہونے کی ضرورت ہے۔ افغان مسئلے کا دیرپا سیاسی حل جلد مکمل کرنے کی ضرورت ہے۔ افغان امن ڈیل کی جلد تکمیل مشترکہ ذمہ داری ہے۔ افغانستان میں ترقی وخوشحالی اور امن واستحکام پاکستان کے بہترین مفاد میں ہے۔ ذرائع کے مطابق زلمے خلیل زاد دیگر وسول عسکری شخصیات سے بھی اہم ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقاتوں میں امن عمل پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ زلمے خلیل زاد کی طالبان وفد سے بھی ملاقات کا امکان ہے۔