کوچز‘ چیئرمین سلیکشنز کمیٹی کا ہالینڈ ٹرپ ناقابل فہم ہے:سلیم ناظم
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان اولمپیئنز فورم اینڈ ہاکی فیملی کے ترجمان اولمپیئن سلیم ناظم نے کہا کہ پاکستان قومی ٹیم کی بدترین شکست کے بعد موجودہ پی ایچ ایف عہدیداران عہدوں پر رہنے کا اخلاقی جواز کھو چکے ہیں۔ چھ لاڈلے کوچز سمیت چیئرمین سیلیکشن کمیٹی اور دیگر فوج ظفر موج کا جرمنی بعد ازاں ہالینڈ کے جوائے ٹرپ پر جانا سمجھ سے بالاتر ہے۔ انہوں نے پی ایچ ایف چیف پیٹرن و وزیر اعظم عمران خان سے پاکستان اولمپیئنز فورم اینڈ ہاکی فیملی کی جانب سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ وہ قومی کھیل کی تباہ حالی کا نوٹس لیتے ہوئے موجودہ پی ایچ ایف عہدیداروں پر تا حیات قومی کھیل کے معاملات میں دخل اندازی پر پابندی لگا کر نیب کے ذریعے کروڑوں روپوں کی بے قاعدگیوں پر تحقیقات کرکے انہیں قرار واقعی سزا دیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایک وقت تھا جب پوری دنیا پاکستان کو ہاکی کے چیمپیئن کو طور پر جانتی تھی مگر آج موجودہ پی ایچ ایف اور انکے چمچوں کی وجہ سے پوری دنیا میں پاکستان پر جگ ہنسائی ہورہی ہے۔ پی ایچ ایف عہدیداروں کے ساتھ ساتھ وہ لوگ بھی شریک جرم ہیں جو پہلے اسی پی ایچ ایف کے خلاف بمعہ ثبوت عوام کے سامنے بولتے تھے مگر آج عہدے لیکر یا عہدوں کے آسرے لیکر پی ایچ ایف کی شان میں قصیدے پڑھ رہے ہیں۔ پاکستان کے لیجنڈز و اولمپیئنز کو انہی لوگوں کی وجہ سے شرمندگی کا سامنا ہے۔ پاکستان کا ٹوکیو اولمپک 2020ء سے باہر ہونا کسی المیئے سے کم نہیں ہم ہر فورم پر پی ایچ ایف انتظامیہ کے خلاف بھرپور احتجاج کریں گے۔