راجر فیڈرر نے دسویں مرتبہ سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا
بیسل (سپورٹس ڈیسک) سوئٹزرلینڈ کے بین الاقوامی شہرت یافتہ ٹینس سٹار اور عالمی نمبر تین راجر فیڈرر نے ریکارڈ دسویں مرتبہ سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، انہوں نے فائنل میں آسٹریلوی حریف کھلاڑی ایلکس ڈی مینار کو شکست دیکر دسویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا، 38 سالہ راجر فیڈرر کا یہ رواں سال میں چوتھا بڑا اے ٹی پی ٹائٹل ہے جبکہ مجموعی طور پر انہوں نے 103 واں ایونٹ جیتا۔راجر فیڈرر نے انتہائی شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے آسٹریلوی حریف کھلاڑی ایلکس ڈی مینار کو سٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-2 سے ہرا ٹورنامنٹ جیت لیا۔ راجر فیڈرر نے ایک گھنٹہ اور آٹھ منٹس میں حریف آسٹریلوی ٹینس کھلاڑی کو مات دی۔ رومانیہ کے ٹینس سٹار ہوریا ٹکائیو اور انکے ہالینڈ کے جوڑی دار جان جولین راجر نے سوئس انڈورز اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا مینز ڈبلز ٹائٹل جیت لیا۔ انہوں نے فائنل میں ریلی اوپلکا اور انکے ہم وطن جوڑی دار ٹیلر فریٹز پر مشتمل امریکی جوڑی کو شکست دی۔ سوئٹزرلینڈ میں جاری اے ٹی پی ایونٹ میں کھیلے گئے مینز ڈبلز فائنل میچ میں رومانیہ کے ٹینس سٹار ہوریا ٹکائیو اور انکے ہالینڈ کے جوڑی دار جان جولین راجر نے عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی اوپلکا اور انکے ہم وطن جوڑی دار ٹیلر فریٹز پر مشتمل امریکی جوڑی کو سٹریٹ سیٹس میں 7-5 اور 6-3 سے ہرا ٹورنامنٹ جیت لیا۔