سپریم کورٹ بار الیکشن: صدارت کیلئے قلب حسن، شعیب شاہین آمنے سامنے
لاہور (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کے سالانہ انتخابات 2019_20ء کے سلسلے میں پولنگ آج ہوگی۔ لاہور، اسلام آباد سمیت چاروں صوبوں میں پولنگ سٹیشنز قائم کر دیئے گئے ہیں۔ وائس چئیرمین پنجاب بار کونسل چودھری شاہ نواز اسماعیل کی نگرانی میں سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پولنگ ہوگی۔ الیکشن میں لاہور، ملتان، بہاولپور ، فیصل آباد سمیت ملک بھر کے 3 ہزار162 وکلاء ووٹ کاسٹ کریں گے۔ سپریم کورٹ بار کے ووٹرز کی سب سے زیادہ تعداد لاہور میں ہے۔ لاہور کے 1 ہزار 299 ووٹرز امیدواروں کی کامیابی میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تمام امیدواروں نے کامیابی کیلئے لاہور میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔ سپریم کورٹ بار کے 3 اہم عہدوں کیلئے چھ امیدواروں میں ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ صدر سپریم کورٹ بار کے عہدے کیلئے شعیب شاہین اور سید قلب حسن کے درمیان کانٹے کا ون ٹو ون مقابلہ ہوگا۔ پنجاب سے نائب صدر کے عہدے کیلئے غلام مرتضیٰ چودھری اور ایم یونس خان نول مدمقابل ہوں گے۔ سیکرٹری کے عہدے کیلئے شمیم الرحمان ملک اور احمد شہزاد فاروق رانا کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پنجاب سے ایگزیکٹو عہدے کیلئے 7 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ پولنگ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ پولنگ کے حتمی نتائج کا اعلان 4 نومبر کو کیا جائے گا۔ جبکہ 5 نومبر کو نئی منتخب باڈی چارج سنبھالے گی۔ سینئر ترین قانون دان چوہدری افراسیاب خان الیکشن کمشنر کے فرائض انجام دیں گے۔