• news

قصور: درینہ دشمنی پر موٹرسائیکل سواروں کی فائرنگ، کار سوار 4 افراد قتل

قصور (نمائندہ نوائے وقت) قصور میں دیرینہ رنجش پر فائرنگ کر کے 4 افراد کو قتل کر دیا گیا۔ لاہورکا رہائشی شوکت علی سرہالی کے منیر احمد‘ حبیب اور ڈرائیور جعفر کے ساتھ گاڑی پر اپنے رشتہ داروں کو ملنے کھارا گاؤں جا رہے تھے کہ قصور بائی پاس اور کھارا روڈ کے قریب کار سوار افرا د پر موٹر سائیکل سوار دو ملزموں نے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں تین افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ڈرائیور جعفر کو شدید زخمی حالت میں ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔ چاروں افراد کے اندوہناک قتل کے واقعہ کی اطلاع پا کر ڈی پی او قصور زاہد نواز مروت اور ڈی ایس پی صدر عالم شیر جاوید سمیت پولیس کی بھاری نفری موقعہ پر پہنچ گئی اور مقتولین کی نعشوں کو پوسٹمارٹم کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال قصور منتقل کرا دیا۔ جبکہ کرائم سین یونٹ کو طلب کر کے موقع سے شواہد اکٹھے کئے گئے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے۔ ڈی پی او قصور نے واقعہ میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے سپیشل ٹیمیں تشکیل دے دی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن