• news

پاکستان کیو با کا ویزا کی شرط جزوی ختم کرنے معاہدہ: دنیا کشمیر میں پابندیاں ہٹوائے: شاہ محمود

اسلام آباد/ سٹاف رپورٹر/پاکستان اور کیوبا کے مابین ویزا کی شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے کے معاہدہ طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ویزا کا حصول آسان بنایاگیا ہے اور معمول کی ویزا ضروریات سے سرکاری حکام کو استثنی حاصل ہوگا۔ اس معاہدے کے نتیجے میں دونوں ممالک کے سرکاری حکام کو سفری سہولیات حاصل ہو جائیں گی۔ دفتر خارجہ کے مطابق کیوبا کے نائب صدر رابرٹو مورالیس اوڈیجا نے اپنے وفد کے ہمراہ وزارت امورِ خارجہ میں گزشتہ روز، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مذاکرات کئے جن میں دونوں ممالک کے درمیان وسیع تر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ جس کے بعد معاہدے پر دستخطوں کی تقریب منعقد ہوئی۔ پاکستان کی طرف سے سیکرٹری داخلہ میجر(ر) اعظم سلیمان جبکہ کیوبا کی طرف سے پاکستان میں تعینات کیوبن سفیر گیبریل کاپوتے دستخط کئے۔ کیوبا کا وفد پاکستان کے 3 روزہ دورے پر اسلام آباد پہنچا ہے۔ شاہ محمود نے پاکستان اور کیوبا کے درمیان صحت، زراعت سمیت متعدد شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ بائیو ٹیکنالوجی کے شعبے میں کیوبا کی ترقی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جان بچانے والی ویکسین کی تیاری اور تحقیق کے شعبے میں دونوں ممالک کے مل کر کام کرنے کی تجویز پیش کی۔ وزیر خارجہ نے کیوبا کے نائب صدر اوران کے وفد کو پانچ اگست کو بھارت کے یک طرفہ اور غیرقانونی اقدامات کے نتیجے میں بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں پیدا ہونے والی تازہ ترین صورتحال سے بھی آگاہ کیا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنے میں کیوبا اپنی آواز شامل کرے۔ وزیر خارجہ نے پاکستان فارن سروس اکیڈمی میں کیوبا کے سفارت کاروں کو تربیت کے مواقع فراہم کرنے کی بھی پیشکش کی۔ مذکورہ ویزا معاہدہ کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی، خصوصی یا سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہو گی۔ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس معاہدے کے بعد دونوں ممالک کے مابین تجارتی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدام نے خطے کے امن کو خطرے میں ڈال دیا۔ عالمی برادری کو بھارت سے مقبوضہ کشمیر میں پابندیاں ختم کرانی ہوں گی۔ دریں اثناء قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان مظلوم اور نہتے کشمیریوں کی سیاسی اخلاقی اور سفارتی معاونت جاری رکھے گا۔ وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے خصوصی شرکت کی۔ مجلس قائمہ نے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ان کی ہمشیرہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا اور مرحومہ کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ وزیر خارجہ نے مسئلہ کشمیر سمیت اہم سفارتی امور پر مجلس قائمہ کی طرف سے فراہم کی جانے والی مشاورت اور معاونت پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں گذشتہ 87 روز سے بھارت کی جانب سے بدترین کرفیو اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اجلاس میںمقبوضہ جموں و کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کیلئے مختلف پہلوؤں پر غور کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن