• news

وزیراعظم نے اسلام آباد ایئرپورٹ، پی آئی اے سٹیشن مینجر اور دیگر کو معطل کرنے کا حکم دیدیا

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اے ایس ایف اہلکاروں کی جانب سے مسافروں سے بداخلاقی کے واقعہ پر وزیراعظم عمران خان نے سخت ایکشن لے لیا۔ انہوں نے ریاض پشاور فلائٹ واقعہ کی عبوری رپورٹ موصول ہونے پر ہوا بازی ڈویژن کو متعلقہ افسران کے خلاف سخت کارروائی لینے کی ہدایت کی۔ انہوں نے ائرپورٹ منیجر طاہر سکندر، ڈیوٹی ٹرمینل منیجر ظہیر اور ملک اکرم کوفوری طور پر معطل کرنے صورتحال کو پیشہ ورانہ انداز سے نمٹنے میں ناکامی پر ان کے خلاف انضباطی کارروائی کا حکم دیدیا۔ انہوں نے سٹیشن منیجر پی آئی اے اسلام آباد پرویز نصیر اور ان کی پوری ٹیم کو معطل کرنے اور ان کے خلاف انضباطی کارروائی شروع کرنے کا حکم بھی دیا۔ بریگیڈیئر عرفان ظفر کی سربراہ میں بورڈ آف انکوائری تشکیل دیدی گئی انکوائری بورڈ پاکستان آرمی ایکٹ 1952ء کے تحت واقعے میں ملوث اے ایس ایف اہلکاروں کے خلاف دس نوں میں کارروائی مکمل کریگا سول ایوی ایشن پی آئی اے اور اے ایس ایف کی فوری طور پر وزیراعظم کے حکم پر عملدرآمد کرنے کی ہدایت کر دی گئی۔ نمائندہ خصوصی کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت ملک میں زرعی پیداوار خصوصا چھوٹے کسانوں کی سہولت کاری کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی صاحبزادہ محبوب سلطان، وزیر توانائی عمر ایوب خان، مشیر تجارت عبدالرزاق داود، معاونین خصوصی ندیم بابر، ڈاکٹر فردوس عاشق عوان، یوسف بیگ مرزا، ممبر قومی اسمبلی اسد عمر اور سینئر افسران شریک ہوئے ،اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کو ہر ممکنہ سہولت فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ حکومت کی زرعی پالیسی کسانوں اور خاص طور پر چھوٹے کسانوں کو سہولت فراہم کرنے میں حکومت کے اس عزم کی مظہر ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ چھوٹے کسانوں کی سہولت کاری سے نہ صرف مقامی زرعی پیداوار میں اضافہ ہوگا بلکہ اس سے غربت کے خاتمے اور معاشی حالات میں بہتری آئے گی۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ صوبوں کے درمیان روابط کو مزید بڑھایا جائے تاکہ زرعی شعبے میں اہداف کے حصول کو یقینی بنایا جا سکے۔وزیراعظم سے کیوبا کے نائب صدر رابرٹو موریلیس نے ملاقات کی۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی میرا وژن ہے۔ عالمی برادری کو معصوم کشمیریوں کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہئے۔ پاکستان سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کا پرامن حل چاہتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن