• news

زرداری کی صحت کو خطرہ، پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بنایا جائے: ترجمان بلاول

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوکے ترجمان مصطفی نواز کھوکھرنے کہا کہ آصف زرداریکی صحت کو خطرہ ہے اوران کے علاج کیلئے پرائیویٹ میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ کیا ہے۔علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سرکاری ڈاکٹرز کے بورڈ نے سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی، ذاتی معالج کی سہولت دی جائے۔پیپلزپارٹی نے اس سلسلے میں صدر آصف علی زرداری کی صحت کو لاحق خطرات کی وجہ سے حکام کو پرائیویٹ بورڈ بنانے کی درخواست دی ہے۔ سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ پرائیویٹ میڈیکل بورڈ کا مطالبہ سرکاری ڈاکٹرز کی سفارشات کی روشنی میں کیا گیا ہے۔ سرکاری ڈاکٹروں کے بورڈ نے اپنی رپورٹ میں صدر آصف علی زرداری کی صحت کو لاحق سنجیدہ مسائل کی نشاندہی کی ہے۔ سینیٹرمصطفی نواز کھوکھر نے کہا کہ حکومت کے بنائے بورڈ نے آصف علی زرداری کی صحت کے حوالے سے خطرے کا اظہار کیا ہے۔ بورڈ کے مطابق صدر زرداری کی شریانوں میں خون جم جانا ا ن کی زندگی کے لئے خطرناک ہے جبکہ سابق صدر کا شوگر لیول بھی خطرناک حد تک اوپر نیچے ہو رہا ہے۔ علاوہ ازیں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کی سیکریٹری اطلاعات ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری کو ذاتی معالج کی سہولیات فراہم کی جائیں کیونکہ ان کے فیملی ڈاکٹرزصدر آصف علی زرداری کی صحت کو بہتر طور پر جانتے ہیں ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا کہ سلیکٹڈ اینڈ کمپنی کی کارکردگی سیاسی انتقام تک محدود ہے ۔

ای پیپر-دی نیشن