قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل
لاہور(سپورٹس رپورٹر) قائداعظم ٹرافی فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کے پانچویں راؤنڈ کا تیسرا روز مکمل،16 سالہ فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی تباہ کن باؤلنگ، پہلی اننگز میں 6 شکار،سدرن پنجاب کا ناردرن کو بھرپور جواب، صہیب مقصود اور سمیع اسلم کی سنچریاں،خیبرپختونخوا کے خلاف میچ، بلوچستان کے اسپنرز کے8 شکار۔ پنجاب نے سندھ کے خلاف دوسری اننگز میں 249 رنز کی سبقت حاصل کرلی اور اس کے 2 کھلاڑی آؤٹ ہوچکے ہیں۔ میچ کے تیسرے روز سنٹرل پنجاب کے 313 رنز کے جواب میں سندھ کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں256رنز بناکر آوٹ ہوگئی جبکہ سنٹرل پنجاب نے دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 192 رنز بنا لیے ہیں۔ اس سے قبل سندھ کے بلے باز میچ کے تیسرے روز بھی نوجوان فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی تباہ کن باؤلنگ کے سامنے بے بس دیکھائی دئیے۔ انہوں نے پہلی اننگز میں 78 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ سندھ کی جانب سے فواد عالم 92 اور سعد علی 81 رنز بنا کر ٹا پ سکوررز رہے۔ سلمان بٹ90 اور عمر اکمل 2 رنز سے کھیل کے آخری روز کا آغاز کریں گے۔دوسری جانب جناح سٹیڈیم سیالکوٹ میں سدرن پنجاب نے ناردرن کے 550رنز کے جواب میں8 وکٹوں کے نقصان پر403رنز بنالیے ہیں۔ناردرن کے سپنر نعمان علی تاحال 5 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ناردرن نے ذیشان ملک کی ڈبل سنچری کی بدولت 6وکٹوں کے نقصان پر 550 رنز بنا کر پہلی اننگز ڈکلیئر کردی تھی۔اْدھر بگٹی سٹیڈیم کوئٹہ میں بلوچستان نے دوسری اننگز میں خیبرپختونخوا کے خلاف 1وکٹ کے نقصان پر 177رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے۔ میچ کے تیسرے روز بلوچستان کے 553 رنز کے جواب میں خیبرپختونخوا کی پوری ٹیم پہلی اننگز میں406 رنز بناکر آوٹ ہوگئی جبکہ بلوچستان نے دوسری اننگز میں 1وکٹ کے نقصان پر 30 رنزبنا لیے ہیں۔ بلوچستان کے اسپنرز محمد اصغر اور یاسر شاہ نے 4،4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 147 رنز کی سبقت سے اپنی دوسری اننگزکاآغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم نے دن کے اختتام پر 1وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنالیے ہیں۔