شہریوں کومشکلات،آئی جی اسلام آبادکے حکم پرتمام رکاوٹیں ہٹادی گئیں
اسلام آباد (وقائع نگار) آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذو الفقار خا ن کے حکم پر وفاقی دار لحکومت میں شہریوں کو درپیش سفری مشکلات کم کرنے کے لئے سیکورٹی خدشات کے باعث لگائی گئی رکاوٹیں ہٹا دی گئی ہیں جبکہ آئی جی نے کہا ہے کہ شہری آزادانہ طور پر اپنی نقل و حرکت کر سکتے ہیں،پولیس ہر طرح کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تیار ہے۔شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے،سیاسی جماعتوں کے جلسے کو بھی فول پروف سیکیورٹی فراہم کی گئی ہے، جمعہ کو آئی جی کی زیر صدارت اجلاس بھی ہوا جس میں تمام ڈی آئی جیز، ایس ایس پیز، اے آئی جیز،ایس پیز نے شرکت کی، آئی جی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی سیکیورٹی کے ساتھ ساتھ پنڈال میں موجود لوگوں کی بھی سیکیورٹی کو مزید بہتر بنایا جائے، شہریوں کی مشکلات دور کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کی جائے ، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں،تما م پولیس افسران و جوان ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں، انہو ں نے کہاکہ پولیس کے افسران و جوان کا مورال بلند ہے ،شہریوں کی جان و مال کا تحفظ کرنا ہمارا اولین فرض ہے، اسلام آباد شہریوں کو خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں اسلام آباد پولیس اپنے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کے لیے تمام تر ضروری اقدامات کررہی، ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے غیر ضروری رکاوٹیں دور کی جائیں، شہریوں کی مشکلات دور کرنے کے لیے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔دوسری جانب آئی جی کے حکم پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھنے کے لیے ایکسپریس وے سے کنٹینر ہٹا دیے گئے،اس کے علاوہ دیگر شاہراہوں سے بھی غیر ضروری رکاٹیں دور کی جارہی ہیں ،معزز شہریوں کی مشکلات دور کرنا ہمارا اولین فرض ہے،معزز شہریوں کی مشکلات کا ہمیں بخوبی احساس ہے ،معزز شہریوں سے معذرت خواہ ہیں کہ سکیورٹی خدشات کی وجہ سے شاہراہوں کو کچھ دیر کے لیے بند کرنا پڑا۔