• news

فوج غیر جانبدار، سپورٹ منتخب جمہوری حکومت کے ساتھ ہوتی ہے، الزام تراشی نہیں ہونی چاہئے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے کہا ہے کہ فوج غیرجانبدار ادارہ ہے، ہماری سپورٹ جمہوری طورپر منتخب حکومت کیساتھ ہوتی ہے، فضل الرحمان سینئر سیاستدان ہیں، فضل الرحمان بتادیں وہ کس ادارے کی بات کررہے ہیں۔ فوج نے الیکشن میںآئینی اور قانونی ذمہ داری پوری کی۔ اپوزیشن اپنے تحفظات متعلقہ اداروں میں لیکر جائے۔ سڑکوں پر آکرالزام تراشی نہیں ہونی چاہیے۔ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے گزشتہ20سال میں بہت مشکل وقت گزارا ہے۔ پاکستانی قوم اور افواج نے دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ جان ومال کی قربانی دیکر ملک میں امن قائم کیا گیا۔ بھارت نے جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ ایل او سی پر بھی معصوم کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے۔ مشرقی اور مغربی سرحد پر فوج مصروف عمل ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھی بھارتی بربریت اور ظلم جاری ہے۔ کے پی کے عوام نے بھی دہشت گردی کا مقابلہ کیا۔ کے پی کے عوام کو اب فلاح وبہبود کی ضرورت ہے۔ انتشار ملک کے مفاد میں نہیں، جمہوری مسائل جمہوری طورپر ہی حل ہونے چاہئیں۔حکومتی اور اپوزیشن کمیٹیاں بہتر کوآرڈینیشن کیساتھ چل رہی ہیں۔ امید کرتے ہیں معاملات بہتر انداز میں آگے چلیں۔ افواج پاکستان غیرجانبدار ادارہ اور منتخب جمہوری حکومت کیساتھ ہوتا ہے۔ کوئی بھی جمہوری حکومت ہو افواج پاکستان ادارے کے طور پر سپورٹ کرتی ہے۔ ملکی امن کو کسی صورت نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ کسی کو بھی کسی صورت ملکی استحکام خراب کرنے کی اجازت نہیں دینگے۔

ای پیپر-دی نیشن