کلبھوشن سے دوستانہ ملاقاتوں کی اجازت نہیں دے سکتے، پاکستان کا بھارت کو صاف جواب
اسلام آباد (شفقت علی‘ نیشن رپورٹ) پاکستان نے بھارت پر واضح کر دیا ہے کہ اسے کلبھوشن یادیو کیساتھ باقاعدگی سے ملاقاتوں کی اجازت نہیں دی جا سکتی کیونکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال کے نتیجہ میں ایسی دوستانہ خیرسگالی کا اظہار ممکن نہیں۔ حکومت کے اعلیٰ عہدیدار کے مطابق پاکستان نے کچھ عرصہ پہلے ہی کلبھوشن کو قونصلر رسائی دی ہے۔ اس کے علاوہ اس کے خاندان کو بھی اس سے ملنے کی اجازت ہے۔ انٹر نیشنل کورٹ آف جسٹس نے ہمیں اس سے ایسی باقاعدہ ملاقاتیں کرنے کی اجازت دینے کیلئے نہیں کہا۔ یاد رہے کہ بھارت نے ایسی ملاقاتوں کی اجازت دینے کی درخواست کی ہے۔ ’’دی نیشن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے سفارتی ذرائع کے حوالے سے انہوں نے مزید کہا ہے کہ ایسی دوستانہ ملاقاتوں کی اجازت کیلئے پہلے بھارت سازگار ماحول پیدا کرے۔