نوازشریف کی حالت بہتر، چہل قدمی کی، سفر کر سکتے ہیں: ڈاکٹرز
لاہور (نیوز رپورٹر) سروسز ہسپتال میں 11 روز سے زیر علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی حالت میں بہتری آنا شروع ہوگئی ہے۔ نواز شریف نے ڈاکٹرز کی نگرانی کے بغیر ہلکی پھلکی چہل قدمی کی۔ جس کا مقصد یہی تھا کہ انکی صحت کے بارے میں معلوم ہوسکے۔ چونکہ انہیں دل کا عارضہ بھی لاحق ہے تاہم ڈاکٹروں نے واک کی اجازت دے کر معلوم کیا کہ انکی طبیعت کیسی رہتی ہے۔ ڈاکٹرز نے کہا کہ ان کے پلیٹ لیٹس کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق نواز شریف کے پلیٹ لیٹس کی تعداد 55 ہزار تک پہنچ گئی ہے اور ان کی حالت میں بہتری آرہی ہے، 50 ہزار پلیٹ لیٹس ہونے کے بعد نواز شریف سفر کر سکتے ہیں تاہم سربراہ میڈیکل بورڈ ڈاکٹر محمود ایاز کا کہنا ہے کہ نواز شریف کو ابھی ڈسچارج نہیں کیا جا سکتا۔ 12 رکنی میڈیکل بورڈ نواز شریف کا طبی معائنہ کر رہا ہے جس کے بعد مزید ٹیسٹ تجویز کیے جائیں گے، آئی ٹی پی تشخیص کے بعد تجویز کردہ ادویات نوازشریف کو بہتر کر رہی ہیں جب کہ نوازشریف کو دل اور گردہ کے مسائل علاج معالجہ میں مشکلات پیدا کر رہے ہیں۔ ذاتی معالج ڈاکٹر عدنان نے میڈیا سے غیر رسمی گفتگو میں بتایا کہ نواز شریف پہلے سے بہتر ہیں۔ پلیٹ لیٹس کا مسئلہ بھی بہتری کی طرف جارہا ہے جو کہ ایک خوشخبری ہے۔ دل اور گردوں کے لیے نئی ادویات تجویز کی گئی ہیں، امید ہے کہ ان کے استعمال سے مزید بہتری آئے گی۔