بین الاقوامی رحمت اللعالمین ﷺ کانفرنس 10 نومبر کوہوگی‘ وزیراعظم صدارت کریں گے
اسلام آباد (اے پی پی) حضور نبی پاک ﷺ کا یوم ولادت منانے کے لئے بین الاقوامی رحمت اللعالمین کانفرنس 10نومبر کو اسلام آباد میں ہوگی۔رواں سال کانفرنس کا موضوع ’’ریاست مدینہ اور جدید اسلامی فلاحی ریاست کا تصور ‘ تعلیمات نبوی ﷺ کی روشنی میں‘‘ ہوگا۔ وزارت مذہبی امور کے ذرائع کے مطابق کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت وزیراعظم عمران خان جبکہ اختتامی سیشن کی صدارت صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کریں گے۔ کانفرنس میں بین الاقوامی شہرت کے حامل جید علمائے کرام کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے ۔ سعودی عرب ‘ ایران ‘ مصر ‘ عمان ‘ عراق‘ تیونس اور شام سے علماء اور وفود شرکت کریں گے۔ شرکاء میں بیرون ملک سے مفتی اعظم عمان ‘ وائس چانسلر جامعہ الاظہر اور مدینہ یونیورسٹی کے پروفیسر شامل ہوں گے۔ رواں سال قبلہ اول مجسد اقصیٰ کے امام کو بھی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔