• news

جھنگ میں ڈاکٹروں کی غفلت سے ایک ہفتے کے دوران 7 بچوں کی ہلاکت کا انکشاف

جھنگ (نامہ نگار) ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت و لا پرواہی سے ایک ہفتہ میں سات بچوں کی اموات کا معاملہ، سی ای او ہیلتھ اتھارٹی نے رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ اور وزیر صحت پنجاب کو بھجوا دی گئی۔ ڈی ایچ کیو ہسپتال میں ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت نے سات بچوں کو موت کی وادی میں پہنچا دیا۔ گزشتہ سات روز 23تا 30اکتوبر کے دوران چلڈرن وارڈ نرسری میں سات بچے جاں بحق ہوئے۔ بچوں کی اموات کے معاملہ پر کارروائی کرتے ہوئے رپورٹ سیکرٹری ہیلتھ اور وزیر صحت پنجاب کو بھیج دی گئی ہے۔ سی ای او ہیلتھ رائے سمیع اللہ کا کہنا ہے کہ سپیشلسٹ ڈاکٹرز کی طرف سے فرائض میں غفلت برتی گئی ہے اور ڈیوٹی پر موجود ڈاکٹرز نے بروقت توجہ نہ دی جس کی وجہ سے اموات ہوئی ہیں۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر ہیلتھ رائے سمیع اللہ کا مزید کہنا ہے کہ انہوں نے رپورٹ اعلی افسران کو بھجوا دی ہے۔ تاہم وہ متاثرہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

ای پیپر-دی نیشن