• news

فضل الرحمن مودی کی پالیسی پر گامزن‘ کشمیر کاز کو نقصان پہنچا چکے: اسلم اقبال

لاہور (کامرس رپورٹر) صوبائی وزیر صنعت و تجارت، اطلاعات وثقافت میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی حکومت سرمایہ کار دوست پالیسیاں اپنا کر درست سمت کی جانب بڑھ رہی ہے۔ کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے پاکستان کی درجہ بندی میں نمایاں بہتری ہوئی ہے۔ حکومت نے سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ایسے ٹھوس اقداما ت اٹھائے ہیں جس سے سرمایہ کاروں کی سرمایہ کاری اور ان کا منافع بھی محفوظ ہو گا۔ پاکستان دنیا میں فری لانس ڈویلپمنٹ کے حوالے سے چوتھے نمبر پر ہے۔ ہر سال 20ہزار آئی ٹی گریجوایٹ، انجینئرز، 3لاکھ انگلش سپیکنگ آئی ٹی پروفیشنل تیار کئے جارہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز جمپ سٹارٹ پاکستان کے زیر اہتمام’’ لفٹ پاکستان 2019‘‘ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ملکی وغیر ملکی سرمایہ کاروں اور اوورسیز پاکستانیوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ماضی میںانفارمیشن ٹیکنالوجی کے سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا جبکہ موجودہ حکومت نے آئی ٹی سیکٹر کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے اس کی ترقی اور فروغ پر بھرپور توجہ مرکوز کی ہے۔ بہت سی بین الاقوامی آئی ٹی کمپنیز پنجاب میں سرمایہ کاری کرنا چاہتی ہیں۔ چیئرمین جمپ سٹارٹ پاکستان امجد پرویز نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ملک کی ترقی اور خوشحالی کی منزل پائی جا سکتی ہے۔ اوورسیز پاکستانی آئندہ پانچ سالوں میں ملک میں 100ارب روپے کی سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں۔ بعدازاں صوبائی وزیر نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مولانا فضل الرحمن مودی کی پالیسی کے تحت کشمیر کاز کو جتنا نقصان پہنچانا تھا پہنچا چکے ہیں اور وہ عالمی میڈیا کی توجہ کشمیر کے مسئلے سے ہٹانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔مولانا کے آزادی مارچ اور دھرنے کا کوئی ایجنڈا نہیں اور عوام ان کی ایسی کالوں سے لاتعلق ہیں۔ رہبر کمیٹی اور حکومتی مذاکراتی ٹیم کے درمیان صرف آزادی مارچ کی جگہ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ وہ جب تک اسلام آباد میں بیٹھنا چاہیں بیٹھیں لیکن حکومت سے کیا گیا معاہدہ نہ توڑیں۔ ایک سوال کے جواب میں صوبائی وزیر نے کہا کہ نواز شریف کی صحت کے لئے دعا گو ہیں۔ وزیراعظم اور وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق انہیں ہر ممکن طبی سہولتیں دی جا رہی ہیں۔ دریں اثناء میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز سول سیکرٹریٹ میں پاکستان بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نائب صدر ارسلان احمد کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں گھی کی قیمتوں میں کمی لانے کے حوالے سے تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ محکمہ صنعت و تجارت اور بناسپتی مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے نمائندے مل بیٹھ کر گھی کی قیمتوں کے حوالے سے بینچ مارک طے کیا جائے گا اور پھر اس پر مکمل عمل درآمد یقینی بنایا جائے گا۔ صوبائی وز یر زراعت نعمان اختر لنگڑ یال، سیکرٹری صنعت و تجارت ، ڈی جی انڈسٹریز اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن