• news

سعدالحریری کا استعفیٰ امریکہ نے لبنان کی فوجی امداد بند کرنے کا اعلان کردیا

بیروت (این این آئی+ اے پی پی)لبنان میں عوامی احتجاج کے نتیجے میں وزیر اعظم سعد حریری کے استعفیٰ دینے کے دو دن بعد امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ لبنان کے لیے 105 ملین ڈالر کی فوجی امداد روکنے کا اعلان کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق امریکی عہدیداروں نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرتے ہوئے کہا کہ محکمہ خارجہ نے کانگرس کو آگاہ کیا کہ وائٹ ہاؤس کے بجٹ آفس اور قومی سلامتی کونسل نے لبنان کی فوجی امداد روکنے کا فیصلہ کیا ہے۔ادھرلبنانی صدرمیشیل عون نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ ملک کی نئی حکومت ٹیکنوکریٹ پر مشتمل ہوگی اور وزراء کا انتخاب سیاسی وابستگی کے بجائے ہْنر ومہارت پر کیا جائے گا۔میڈیارپورٹس کے مطابق انھوں نے یہ بات اپنی صدارت کے تین سال مکمل ہونے پرایک نشری خطاب میں کہی ۔انھوں نے کہا کہ لبنان اس وقت بالخصوص معاشی پہلو سے ایک نازک موڑ پر کھڑا ہے اور اس کو ایک اہل حکومت کی ضرورت ہے۔علاوہ ازیںلبنان نے سرحد کی خلاف وزری کرنے والے اسرائیلی ڈرون طیارے کو مار گرایا۔ لبنان کے ذرائع کے مطابق اسرائیل کے ایک ڈرون کو جنوبی قصبے نبطیہ کے نزدیک مارگرایا گیا ہے۔اسرائیلی فوج نے لبنان میں اپنا ایک ڈرون مارگرانے کی تردید کی ہے۔اسرائیلی فوج کے ترجمان نے ٹویٹر پر ایک بیان میں کہا ہے کہ لبنان کے علاقے سے ایک ڈرون کی جانب طیارہ شکن میزائل داغا گیا تھا لیکن اس سے بغیر پائلٹ جاسوس طیارے کو کوئی نقصان نہیں پہنچا ۔

ای پیپر-دی نیشن