سعودی عرب میں فیوچر انویسٹمنٹ اجلاس ، 20 ارب ڈالر کے 26 سمجھوتے
ریاض (این این آئی)سعودی عرب کی میزبانی میں تیسرے سالانہ فیوچر آف انویسٹمنٹ اینشی ایٹو اجلاس کے اختتام پر 20 ارب ڈالر مالیت کے 26 سمجھوتوں کی منظوری دی گئی ہے۔ سعودی عرب کی جنرل انویسٹمنٹ اتھارٹی کے زیراہتمام جاری رہنے والی عالمی سرمایہ کاری کانفرنس میں 300 عالمی وفود اور بین الاقوامی شخصیات نے شرکت کی۔ 20 ارب ڈالر سے زیادہ کی مالیت کے 26 معاہدوں کے اعلان کے ساتھ فیوچر انویسٹمنٹ انیشی ایٹو کی تین روزہ کانفرنس کا اختتام کیا گیا۔سعودی سرمایہ کاری پلیٹ فارم میں ہونے والے اجلاس کے دوران سعودی عرب کی رئیل اسٹیٹ کمپنی اور امریکا کی ٹرپل فائیو کے درمیان دو سمجھوتوں کی منظوری دی گئی۔ اسی طرح سعودی عرب کی سمات اور امریکا کی سپر نکلر کے درمیان بھی معاہدوں کی منظوری دی گئی۔دونوں کمپنیوں نے سوشیل نیٹ ورکنگ پلیٹ فارمز کے نظم و نسق کے شعبوں میں تجربات کا تبادلہ، ڈیجیٹل سروسز میں صارفین کوسہولیات کی فراہمی پر اتفاق کیا گیا۔