• news

ثناء میر نے ایشیا گیم چینجر ایوارڈ قوم کے نام کردیا

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان ثنا میر نے ایشیا گیم چینجر ایوارڈ پوری قوم کے نام کر دیا۔ ثنا میر کو حال ہی میں امریکا کے شہر نیو یارک میں ایشیا گیم چینجر ایوارڈ سے نوازا گیا جو معاشرے کی متاثر کن شخصیات کو دیا جاتا ہے۔ ثنا میر نے ایوارڈ ملنے پر خوشی کا اظہار کیا اور کہا کہ "میرا سفر بہت طویل ہے لیکن یہ سفر میرے اکیلے کا نہیں ہے، اس سفر میں میرے ساتھ کرکٹ بورڈ، ساتھی کھلاڑی، کوچز اور گراؤنڈ اسٹاف بھی شامل ہے، اس لیے میں سمجھتی ہوں کہ یہ میرے اکیلے کا ایوارڈ نہیں ہے یہ سب کا ایوارڈ ہے۔ ثنا میر نے مزید کہا کہ کرکٹ کے علاوہ بھی ان کی سرگرمیوں کو سراہا گیا ہے، یہ وہ سرگرمیاں ہیں جن میں انہوں نے اپنا حصہ ڈالتے ہوئے سب کو متاثر کیا۔ ثنا میر کے مطابق ’بااثر شخصیت کے اس ٰایوارڈ کے بعد میری ذمہ داریوں میں اضافہ ہو گیا ہے ، اب میری کوشش ہو گی کہ میں نئی آنے والی لڑکیوں کیلئے راستہ آسان بناؤں تاکہ جن مشکلات کا سامنا ہمیں کرنا پڑا ہے وہ انہیں نہ کرنا پڑے ‘۔ ثنا میر نے کہا کہ نئی لڑکیاں آئیں اور کھیلیں تاکہ کھیل کو ترقی ملے۔

ای پیپر-دی نیشن