• news

فضل الرحمن میرے حلقے سے الیکشن لڑیں عبرتناک شکست دوں گا: علی امین گنڈاپور

اسلام آباد (نیوز رپورٹر) امورکشمیر وگلگت بلتستان کے وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور نے مولانا فضل الرحمن کے حلقہ میں جلسہ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مولانا کے حلقے میں دگنی عوامی طاقت کا مظاہرہ کروں گا۔ مولانا کا مارچ کشمیری عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔ ایک بیان میںانہوں نے کہا کہ جتنے افراد ملک کی ساری پارٹیاں مل کر بھی نہ لا سکیں، اس سے زیادہ میرے جلسے میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنی نشست ہار گیا ہو وہ کس منہ سے وزیراعظم کا استعفی مانگ رہا ہے؟۔ وفاقی وزیر نے مولانا کو ایک بار پھر انتخابی میدان میں اترنے کا چیلنج دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر مولانا تیار ہوں تو میں اپنی جیتی ہوئی نشست چھوڑتا ہوں اور ان کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ دوبارہ انتخابات جیت کر دکھائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر مولانا چاہیں تو ہر پولنگ سٹیشن میں کیمرے لگا کر انتخابات میں میرا مقابلہ کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ مولانا اداروں پر تنقید بند کریں اور اگر ہمت ہے تو میرا چیلنج قبول کریں۔ میں مولانا کو ایسی عبرتناک شکست دوں گا کہ وہ ساری زندگی یاد رکھیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن