عوام کی چیخیں نکالنے والوں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا:پرویزملک‘ عمران نذیر
لاہور(نیوزرپورٹر)پاکستان مسلم لیگ ن لاہور کے صدر محمد پرویز ملک جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نزیر اور ایڈیشنل سیکرٹری عامر خان نے کہا ہے کہ عوام کی چیخیں نکالنے والے حکمرانوں کی اب چیخیں نکالنے اور اب جعلی حکومت سے جان چھڑانے کا وقت آ گیا ہے،عوام کو ڈیڑھ سال میں اچھی طرح اندازہ ہو گیا کہ نیا پاکستان بہتر تھا یا پرانا پاکستان بہتر تھا۔ نواز شریف کے دو ر میں مفت ادویات ملتی تھیں آج چھین لی گئی ہے۔ ایڑیاں رگڑ رگڑ کر وہ موت کا منہ میں جا رہے ہیں۔ اس سال 50 ہزارلوگ ڈینگی سے متاثر ہیں سینکڑوں جاں بحق ہوئے ہیں اور وزیراعظم عمران نیازی کہیں نظر نہیں آئے، ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں سے پوچھا جائے کہ نواز شریف کے دور میں کینسر کی مفت ادویات تھیں لیکن وہ سہولت چھین لی گئی آج ملک میں سرمایہ کاری ختم ہو چکی ہے اور تمام طبقے احتجاج کر رہے ہیں جبکہ لوگ جھولیاں اٹھا کر بدعائیں دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روزانہوں نے پارٹی آفس میں ارکان اسمبلی ورہنماؤں وکارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سید توصیف شاہ، ارکان اسمبلی چوہدری شہباز، غزالی سلیم بٹ، میاں سلیم،کرنل (ر) مبشر جاوید، اظہر فاروقی،جاوید اقبال، سمیر امجد اور ثمرہ نذیر سمیت دیر بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ ہم احتساب سے نہیں گھبراتے، الزام لگائیں لیکن ثبوت عوام کے سامنے رکھیں، مخالفین کو سیاسی انتقام کا نشانہ اس لئے بنایا جا رہا ہے تاکہ عوامی مسائل سے توجہ ہٹا سکیں لیکن ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اب نیازی حکومت کا جانا ٹھہر گیا ہے۔