• news

یااللہ امت مسلمہ کو حقیقی دین کی طرف راغب، ذلت و خواری سے بچا لے، رائیونڈ اجتماع رقت آمیز دعا پر ختم

رائے ونڈ (نامہ نگار) اے اللہ امت مسلمہ کو حقیقی دین کی طرف راغب کردے، دین الٰہی کو دنیا کے کونے کونے میں پہنچانے والا بنا دے، گناہوں سے درگزر فرماکر جنتوں کا وارث بنا دے، امت مسلمہ پر اپنی رحمتوں کا نزول کردے ، تمام مسلمانوں کو ایک دوسرے کا خیر خواہ بنادے، اے اللہ مسلمانوں کو ذلت و خواری سے بچا لے اور عزت و تکریم والی زندگی عطا کر دے، تبلیغی جماعت کے سالانہ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا کی رقت آمیز دعا سے اختتام پذیر ہوگیا، اجتماعی دعا کا آغاز 09-40 پر ہوا اور تقریباً 20منٹ دعا جاری رہی، فضاآہوں ، سسکیوں کے ساتھ آمین کی صدائوں سے گونجتی رہی ، لاکھوں تبلیغی مندوبین اور ہزاروں کی تعداد میں گردونواح کے لوگ اجتماعی دعا میں شامل تھے، اجتماعی دعا سے قبل مولانا جمشید ؒ کے فرزند ارجمند مولانا خورشید احمد نے ہدایات دیتے ہوئے فرمایا کہ جماعتوں کے ساتھ جانے والوں کی تشکیل کسی بھی علاقے میں ہو اسے خندہ پیشانی سے قبول کیا جائے جس مسجد میں تشکیل کی جائے۔ اس مسجد کے تمام تر حقوق ادا کئے جائیں، جس بستی میں تشکیل ہو وہاں کے باسیوں کو دین الٰہی کی جانب راغب کرنے کیلئے محبت اور اخلاق کا مظاہرہ کیا جائے اور دعوت و تبلیغ کے عظیم مشن کے راستے میں آنے والی تکالیف اور مصائب کو صبرو تحمل سے برداشت کیا جائے، مولانا محمد ابراہیم آف انڈیا نے اپنے بیان میں فرمایا کہ انسانیت کی کامیابی صرف اور صرف اللہ تعالیٰ کے احکامات اور بنی اکرمؐ کی پیروی میں ہے جس انسان کو اس کی سمجھ آگئی وہ دنیا اور آخرت میں کامیاب ہوگیا اور جو شخص دینی ماحول سے دور رہا اور وہ دنیاوی وسائل میں ہی اپنی کامیابیوں کو ڈھونڈتا رہا وہ ناکام اور نامراد ہی دنیا سے لوٹ گیا۔ تبلیغی اجتماع کا پہلا مرحلہ امن و امان کے ساتھ پایہ تکمیل کو پہنچا اور پہلے مرحلے کے شرکاء دین الٰہی کو ہر انسان تک پہنچانے کا نیا جوش و ولولہ لے کر اپنے علاقوں کی جانب گامزن ہوگئے جبکہ جماعتوں میں تشکیل کروانے اور اگلے مرحلے کے انتظامات کرنے کیلئے ہزاروں تبلیغی مندوبین پنڈال میں موجود ہیں، تبلیغی اجتماع کا اگلا مرحلہ 07 نومبر بروز جمعرات بعد ازنماز عصر شروع ہوگا جس میں گوجرانوالہ ڈویژن، مانسہرہ، بہاولپور، کوہاٹ اور مردان کے علاقوں سے مندوبین شرکت کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن