• news

عمران صاحب! قوم آپ سے صرف استعفیٰ کے الفاظ سننا چاہتی ہے: مریم اورنگزیب

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب آپ اپوزیشن سے این آر او چاہتے ہیں جو نہیں ملے گا، اب صرف گھر جانا پڑے گا، جو تین لفظ آپ کے منہ سے قوم سننا چاہتی ہے وہ صرف استعفیٰ، استعفیٰ اور استعفیٰ ہیں۔ اتوار کو وزیراعظم عمران خان کے بیان پر ردعمل میں انہوں نے کہاکہ عمران صاحب وزیراعظم یونیورسٹی خالی کرنے کا وقت ہوا جاتا ہے۔ عمران صاحب تین دن ہو گئے پیکنگ تو ہو گئی ہو گی۔ ٹی وی لگائیں استعفیٰ دینے اور گھر جانے کا وقت ہوا جاتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب حکومت چلانا، عوام کی خدمت کرنا، کھلنڈروں کے بس کی بات نہیں۔ آپ کی نالائقی اور نااہلی نے ملک کی معیشت، روزگار، کاروبار، صنعت تباہ کر دی۔ عمران صاحب میٹرو بس، اورنج ٹرین بنانا، مریضوں کا علاج اور مفت دوائیاں فراہم کرنا جھوٹوں کے بس کی بات نہیں۔ استعفیٰ دیں تاکہ ملک کا کاروبار، صنعت اور معیشت چلے۔ کیونکہ اب ملک کا کاروبار، صنعت اور معیشت آپ کے استعفیٰ کے ساتھ مشروط ہے۔ کرائے کے ترجمانوں کے درمیان خوف و ہراس، بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ ان کے گھر جانے کا وقت بتارہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن