1043 سکھ یاتریوں کی حسن ابدال آمد، مذہبی رسومات ادا کیں
حسن ابدال، ننکانہ صاحب ، کراچی (نامہ نگاران، نامہ نگار خصوصی، سٹاف رپورٹر) بھارت سے آئے 1043 سکھ یاتریوں کی حسن ابدال آمد، مذہبی رسومات ادا کیں۔ بابا گرونانک کی جنم دن تقریبات میں شرکت کیلئے لندن سے 178 یاتریوں کا پہلا جتھہ لاہور جبکہ کینیڈا سے امن بس کے ذریعے 21 ممالک سے ہوتے ہوئے 8 سکھ یاتری ننکانہ صاحب پہنچ گئے۔ تفصیلات کے مطابق بھارت سے آنے والے 1043 سکھ یاتری حسن ابدال میں ایک روز قیام کے بعد واپس روانہ ہوگئے۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یاتریوں نے کہا کہ عمران خان نے کرتار پور کا راستہ کھول کر پوری دنیا کی سکھ برادری کو دنیا کا سب سے بڑا تحفہ دیا ہے۔ پاکستان کی سرزمین ہمارے لیے مقدس ہے جس کی جانب بری نگاہ ڈالنے والوں کے سامنے سکھ سب سے آگے کھڑے ہوں گے۔ پاکستان کے بارے میں پوری دنیا میں منفی پروپیگنڈا کیا جاتا ہے جو حقیقت کے برعکس ہے، یہاں کے عوام محبت کرنے والے اور امن پسند ہیں۔ خصوصی بسوں کے ذریعے بھارت سے آنے والے 1043 یاتریوں کو سخت حفاظتی انتظامات میں گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال پہنچایا گیا جبکہ تقریبات میں شرکت کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ، ملائیشیا سمیت دیگر ممالک سے بھی یاتری حسن ابدال گوردوارہ سری پنجہ صاحب حسن ابدال آئے۔ اس موقع پرسکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے تھے جبکہ گوردوارہ کی جانب جانے والے تمام راستوں کو سیل کر دیا گیا تھا۔ یاتریوں نے ایک روزہ قیام کے دوران مذہبی رسومات کی ادائیگی کی۔ انہوں نے حکومت کا بہترین انتظامات کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ دریں اثناء پی آئی اے کی پرواز PK758 کے ذریعے لندن سے سکھ یاتریوں کا 178 افراد پر مشتمل پہلا جتھہ لاہور پہنچ گیا۔ اس موقع پر پی آئی اے کی جانب سے لاہور ایئرپورٹ پر یاتریوں کیلئے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے۔ ترجمان پی آئی اے نے بتایا کہ اگلے چند روز میں تقریباً 5 سو سکھ یاتری پی آئی اے کی پروازوں کے ذریعے لندن سے لاہور پہنچیں گے۔ کینیڈا سے کرتار پور کے لیے روانہ ہونے والے 8سکھ یاتری دنیاکے21ممالک کا 16ہزار کلو میٹرکاطویل سفر طے کر کے "امن بس" کے ذریعے گورودوارہ جنم استھا ن ننکانہ صاحب پہنچ گئے ،گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب پہنچنے پر انکا پرتپاک استقبال کیا گیا سکھ یاتریوں نے سکھ مسلم دوستی زندہ باد اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔ ڈپٹی کمشنر راجہ منصور احمد ، ڈی پی او محمد اسماعیل کھاڑک، ڈپٹی سیکرٹری شرائن محمد عمران گوندل ، مینجرگورودوارہ جنم استھان محمد عتیق گیلانی محکمہ اوقاف اور ضلعی انتظامیہ کے افسران نے سکھ یاتریو ں پر گل پاشی کرتے ہوئے انہیں پھولوں کے ہار پہنائے۔ جتھہ لیڈر سردار گورچرن سنگھ نے کہا کہ دنیا بھر میں بسنے والے سکھ پاکستان کو اپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری خواہش پر لاہور کے رہائشی امیر خان نے کینیڈا سے کرتار پور سفر کے تمام اخراجات برداشت کئے ہیں جو سکھ مسلم دوستی کی لازوال مثال ہے۔ اللہ کرے کہ سکھ مسلم دوستی ہمیشہ قائم و دائم رہے، ہم کینیڈا سے امن کے پیغام لے کر چلے ہیں اور امن کا یہ پیغام بھارت بھی لے کر جائیں گے۔